Wednesday, May 8, 2024

سعودی تیل تنصیبات پر ڈرون حملے ، امریکا نے ایران پر الزام لگادیا

سعودی تیل تنصیبات پر ڈرون حملے ، امریکا نے ایران پر الزام لگادیا
September 16, 2019
ریاض ( 92 نیوز)  مشرق وسطیٰ میں کشیدگی شدت اختیار کر گئی، امریکہ نے ایران پر سعودی تیل تنصیبات پر ڈرون حملوں کا الزام عائد کر دیا ، سعودی وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ ڈرون حملوں سے  تیل کی پیداوار میں  پچاس فیصد کمی واقع ہوگی۔ مشرق وسطیٰ کا امن ایک بار پھر خطرے میں پڑ گیا ، اپنی ٹویٹ میں امریکہ کے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ ڈرون یمن سے آئے تھے۔ مائیک پومپیو نے اس واقعہ کو دنیا کی توانائی کی فراہمی پر ایک غیر معمولی حملہ قرار دیا، مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ہم تمام ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایران کی جانب سے کیے گئے اس حملے کی عوامی سطح پر مذمت کریں۔ سعودی کے وزیر توانائی پرنس عبدالعزیز بن سلمان کا کہنا ہے کہ ڈرون حملوں سے تیل کی پیداوار میں  پچاس فیصد کمی واقع ہوگی۔ ماہرین کے مطابق اس کا دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں پر اثر پڑے گا۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کرکے آرامکو تیل  کمپنی کی تنصیبات پر ڈرون  حملے کی مذمت کی ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق  ٹیلی فونک گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ  کا کہنا تھا کہ امریکا، سعودی عرب کی سکیورٹی و استحکام کیلئے تعاون کیلئے تیار ہے۔