Thursday, April 25, 2024

سعدرفیق کے خلاف انتخابی عذرداری کی سماعت تین اپریل تک ملتوی

سعدرفیق کے خلاف انتخابی عذرداری کی سماعت تین اپریل تک ملتوی
March 30, 2015
لاہور(92نیوز)الیکشن ٹریبونل نے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کے خلاف انتخابی عذر داری پر کارروائی تین اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے ایم پی اے میاں نصیر اور یاسین سوہل کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے الیکشن ٹریبونل کے روبرو اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو رد کر دیا۔ کارروائی کے دوران خواجہ سعد رفیق اور حامد خان کے وکیل میں نوک جھونک بھی ہوئی۔ کارروائی کے دوران ایک موقع پر ٹریبونل نے خواجہ سعدرفیق کو عمران خان کا نام لینے سے روکا تو خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جہاں نوازشریف کا نام آئے گا وہاں عمران خان کا نام بھی آئے گا۔ خواجہ سعد رفیق نے سیاست دانوں پر تنقید کی تو الیکشن ٹریبونل نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا اور کہا کہ وہ نامناسب الفاظ استعمال نہ کریں۔ جرح کے دوران خواجہ سعد رفیق نے یہ بھی واضح کیا کہ نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی کا نام مسلم لیگ ن نے نہیں بلکہ پیپلزپارٹی نے تجویز کیا تھا۔ خواجہ سعدرفیق نے الیکشن ٹریبونل کے روبرو بیان دیتے وقت دو بار حلف اٹھایا۔ ایک مرتبہ بیان ریکارڈ کراتے وقت جبکہ دوسری بار ایک سوال کا جواب دینے سے پہلے حلف اٹھایا۔ خواجہ سعد رفیق کا بیان اور جرح مکمل ہونے پر ٹریبونل نے مزید کارروائی جمعہ تک ملتوی کر دی۔