Saturday, April 27, 2024

سعدرفیق کیخلاف نیب کا غیر قانونی اثاثوں کا ریفرنس دائر کرنیکا فیصلہ

سعدرفیق کیخلاف نیب کا غیر قانونی اثاثوں کا ریفرنس دائر کرنیکا فیصلہ
March 12, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) پیراگون اسکینڈل میں گرفتار خواجہ سعدرفیق کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔ نیب لاہور نے گرفتارلیگی ایم این اے کیخلاف غیر قانونی اثاثوں کا ریفرنس بھی دائر کرنے کا فیصلہ  کر لیا ۔ چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس کی تیاری  شروع ہو جائے گی ، نیب نے خواجہ سعدرفیق کیخلاف اہم شواہد حاصل کرلیے۔

خواجہ سعد رفیق پیراگون اسکینڈل میں گرفتار اور 19 مارچ تک جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں ۔

گزشتہ سماعت پر پیرا گون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی  خواجہ سلمان رفیق کو جوڈیشل ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر احتساب عدالت پیش کیا گیا  تھا۔ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی جس پر احتساب عدالت لاہور نے سعدرفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں  19 مارچ تک توسیع کی تھی ۔ خواجہ برادران کے وکیل نے مؤقف اختیارکیا کہ ان کے مؤکلوں کی انتہائی تذلیل کی جا رہی ہے ، پورا شہر بند کر کے بکتر بند گاڑی میں پیش کیا جا سکتا ہےْ شہبازشریف کے وکیل نے مؤقف اختیارکیا کہ خواجہ برادران کے ساتھ ایسا سلوک کیا جا رہا ہے جیسے جنگی قیدی ہوں ،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سڑکیں بند کرنےکامعاملہ دیکھ رہے ہیں۔ خواجہ سعدرفیق نے مؤقف اختیار کیا کہ کمر میں درد ہے اور علاج نہیں کروایا جا رہا۔ آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس  کےدوران فواد حسن فواد اور نیب پراسیکیوٹرمیں تلخ کلامی ہوئی ، عدالت نے آئندہ سماعت پرتفتیشی افسر کو ہر صورت میں پیش کرنے کاحکم دے دیا ۔ ایل ڈی اے سٹی کیس میں احدچیمہ نے مؤقف اختیارکیا کہ ایک سال سے جیل میں ہوں ، نیب پراسیکیوٹرنے دلائل دیئے کہ ایل ڈی اے سٹی کا  معاملہ سپریم کورٹ میں ہے۔ خواجہ برادران کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے گرد سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ،  ملزموں کو سخت سکیورٹی میں عدالت پہنچایا گیا۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے خواجہ برادران کا مزید ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ احتساب عدالت نے 11 دسمبر 2018 کو خواجہ برادران کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کی تھی جس کے بعد  نیب نے دونوں بھائیوں کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں حراست میں لیا تھا۔