Thursday, March 28, 2024

سشما سوراج کی نواز شریف سے ملاقات‘ مودی کا خصوصی پیغام پہنچایا

سشما سوراج کی نواز شریف سے ملاقات‘ مودی کا خصوصی پیغام پہنچایا
December 9, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف سے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ملاقات کی جو ایک گھنٹہ جاری رہی۔ ملاقات میں سشما سوراج نے نواز شریف کو نریندر مودی کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ بھارتی وزیراعظم آئندہ سال پاکستان کا دورہ بھی کر سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے لئے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج وزیر اعظم ہاوس پہنچیں تو نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ان کا استقبال کیا۔ پاکستانی وزیر اعظم اور بھارتی وزیر خارجہ کی ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہی جس میں پاک بھارت جامع مذاکرات کی بحالی کے معاملے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کیساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے اورتمام تنازعات کا حل جامع مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔ سشما سوراج نے نواز شریف کو نریندرمودی کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ بھارتی وزیر خارجہ نے سارک کانفرنس میں شرکت کے لئے آئندہ برس نریندر مودی کی پاکستان آمد کا عندیہ بھی دے دیا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق سارک کانفرنس میں شرکت کے علاوہ نریندر مودی پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف سے ون ٹو ون ملاقات کریں گے جس کا ایجنڈا طے کرنے کے لئے سشما سوراج ایک بارپھر آئیں گی۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات میں پاکستانی وزیر خارجہ سرتاج عزیز، قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ اور سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری بھی شریک تھے۔