Friday, April 26, 2024

سشما سوراج پاکستانی ہم منصب سےملاقات کرینگی، بھارت کا خط پر ردعمل

سشما سوراج پاکستانی ہم منصب سےملاقات کرینگی، بھارت کا خط پر ردعمل
September 20, 2018
نیو دہلی (92 نیوز) بھارت نے وزیراعظم عمران خان کے خط کا جواب دے دیا ۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات ہو گی۔ اس اعلان کے ساتھ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملاقات کا ایجنڈا ابھی طے ہونا باقی ہے ۔ دونوں ممالک کے حکام ابھی یہ فیصلہ کریں گے کہ ملاقات کب اور کہاں ہو گی۔ ملاقات میں کس موضوع پر بات ہو گی یہ جاننے کے لئے ملاقات ہونے کا انتظار کرنا ہوگا۔ رویش کمار کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کا بھارت کی پالیسیوں پر کوئی اثر نہیں ہوگا ۔ یہ صرف ایک ملاقات ہے اسے مذاکرات کا نہ سمجھا جائے ۔ پاکستان کی جانب سے دی گئی درخواست پر بھارتی حکومت اس ملاقات کیلئے متفق ہوئی۔ دوسری طرف ذرائع کے مطابق بھارت کے ردعمل کے بعد پاکستان کا موقف بھی سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک باضابطہ رضامندی کے بعد ملاقات کی تاریخ ،وقت اور ایجنڈا طے کریں گے اور یہ ملاقات رواں ماہ نیویارک میں ہو گی۔ ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اس ملاقات میں مسئلہ کشمیر ،سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے پس پردہ عناصر ، کلبھوشن یادیو اور افغانستان میں دہشت گردوں کی بھارتی پشت پناہی کے معاملات پر بات کرے گا جبکہ بھارت ممبئی اور پٹھان کوٹ سمیت دہشت گردی کے امور سامنے رکھے گا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں ممالک دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر بھی غور کریں گے ۔ اس کے ساتھ ساتھ تجارت ، کھیل اور ثقافتی رابطے بڑھانے پر بھی بات چیت ہو گی۔