Monday, September 16, 2024

سشما سوراج نے کلبھوشن کو بھارت کا بیٹا قراردیدیا

سشما سوراج نے کلبھوشن کو بھارت کا بیٹا قراردیدیا
April 11, 2017
نئی دہلی (92نیوز)بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو موت کی سزا سنانے کا چرچا آج بھارتی پارلیمنٹ میں بھی رہا۔ بھارتی اپوزیشن نے مودی سرکار پر الزام لگایا کہ انہوں نے کلبھوشن کے لئے کچھ نہیں کیا جبکہ وزیرخارجہ سشما سوراج نے پاکستان کو دھمکی دیتے ہوئے  کلبھوشن کو بھارت کا بیٹا قرار دے دیا۔ تفصیلات کےمطابق کلبھوشن یادیو جسے کبھی بھارت پہچاننے سے بھی انکار کرتا رہا اسے اس کے کئے کی سزا دی گئی تو مودی سرکار نہ صرف تلما اٹھی بلکہ  اسے بھارت کا بیٹا قراردے دیا۔ بھارتی راجیہ سبھا میں سارا دن آج کلبھوشن کا ہی چرچا رہا۔ مودی سرکار کی جانب سے وزیر خارجہ سشما سوراج نے پالیسی بیان دیا جس میں انہوں نے پاکستان کو دھمکی دینے کے ساتھ ساتھ کلبھوشن کی رہائی کے لئے ہر قدم اٹھانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ دوسرا بیان بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا لوک سبھا میں تھا جنہیں یہ تک پتہ نہیں کہ کلبھوشن کو پھانسی نہیں دی گئی  بلکہ موت کی ابھی سزا سنائی گئی ہے۔ موصوف کلبھوشن کا نام تک بھی غلط پکارتے رہے اور اپوزیشن کے کہنے پر صحیح نام زبان سے ادا کرسکے۔ راج ناتھ سنگھ کا لوک سبھا میں کہنا تھا کہ حکومت کلبھوشن یادیو کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ سزا کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد اپنے فوری ردعمل میں بھارت کا کہنا تھا کہ اگر کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر عملدرآمد ہوا تو یہ پہلے سے سوچا سمجھا قتل تصور کیا جائے گا۔