Tuesday, April 23, 2024

سسٹر رتھ لیوس کورونا کے باعث انتقال کر گئیں

سسٹر رتھ لیوس کورونا کے باعث انتقال کر گئیں
July 21, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی کی ایک اور محسنہ سسٹر روتھ لیوس کورونا وائرس کا شکار ہوکر چل بسیں۔ 72 سالہ سسٹرروتھ لیوس کی پوری زندگی ذہنی پسماندہ بچوں کی خدمت سے عبارت تھی۔ جسمانی اور ذہنی معذور بچوں کی ماں دارالسکون کی سربراہ سسٹر روتھ لیوس کورونا وائرس سے لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار گئیں۔ اس رپورٹ کی تصدیق سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے ٹویٹر پر کی۔ مرتضی وہاب نے ٹویٹ میں لکھا کہ سسٹر روتھ لیوس جو کئی سالوں سے دارالسکون چلا رہی تھیں بدقسمتی سے کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر گئیں۔ معاشرے میں ان کی بے لوث خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے دارالاسکون جیسے ادارے میں ایسے جسمانی پسماندہ افراد کی دیکھ بھال کی ذمہ داری اٹھا رکھی تھی جنہیں اپنے ہی گھروالے لاعلاج معذور یا لاوارث قرار دے کر چھوڑ دیتے ہیں’ اس فلاحی ادارے کی بنیاد 1969 میں رکھی گئی۔ سسٹر روتھ لیوس 2مئی 1946ء کو پیدا ہوئیں اور دارالسکون میں 50 سال خدمات انجام دیں۔ سسٹر روتھ لیوس میں گیارہ روز قبل کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ وہ دارالسکون کی بانیان میں سے تھیں۔ موت سے قبل بھی وہ چار سو خصوصی بچوں کی نگہداشت میں مصروف عمل تھیں۔ دارالسکون انتظامیہ کے مطابق سسٹر رتھ لیوس کی تدفین سے قبل کی رسومات خداداکالونی میں قائم چرچ میں جبکہ تدفین گوراقبرستان میں کی جائیں گے۔ سسٹر رتھ لیوس کے انتقال پر گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ  نے  گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔