Friday, April 26, 2024

سسلین مافیا کی طرح پاکستانی مافیا بھی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ، وزیر اعظم

سسلین مافیا کی طرح پاکستانی مافیا بھی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ، وزیر اعظم
July 13, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے مخالفوں پر ایک بار پھر کڑی تنقید کرتے ہوئے مافیا قرار دے دیا، کہا کہ سسلین مافیا کی طرح پاکستانی مافیا بھی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، پاکستانی مافیا رشوت، بلیک میلنگ اور دھمکیاں دے رہا ہے، ریاستی اداروں اور عدلیہ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، یہ منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک جمع دولت کا تحفظ چاہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سسلین مافیا کی طرح پاکستانی مافیا بھی ہتھکنڈے استعمال کر رہاہے ، یہ اربوں روپے باہر بھجوانے کے جرم میں سزا سے بچنے کیلئے اداروں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے ٹویٹ کے جواب میں مسلم لیگ ن کا بیان بھی سامنے آگیا ،  مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل میں عمران خان کو مافیا قرار دے دیا، کہا کہ  عمران خان سیاسی مخالفین کو سزا دینے، ٹارگٹ کرنے کیلئے دباؤ ڈالتے ہیں، سیاسی مخالفین کے خلاف آپ ہی ہیں جس نے اداروں کو استعمال کیا۔ ادھر مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی ٹویٹر پر اپنا ردعمل میں کہا کہ عمران صاحب سسلین مافیا آپ ہیں جس نے بے گُناہ کو جیل میں ڈالا اور 22 کروڑ عوام کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں بیچ دیا۔