Wednesday, May 8, 2024

سسلی جزیرہ جرائم پیشہ مافیاز کی وجہ سےدنیا بھر میں بدنام ہے

سسلی جزیرہ جرائم پیشہ مافیاز کی وجہ سےدنیا بھر میں بدنام ہے
July 13, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) جب بھی منظم جرائم کا ذکر ہوتا ہے تو اٹلی کے جزیرے سسلی کا نام آتا ہے ، سسلی جزیرہ  جرائم پیشہ گروہوں اور مافیاز کی وجہ سےدنیا بھر میں بدنام ہے۔سسلی کے سب سے بڑا جرائم پیشہ گروہ کو ’’ کوسا نوسٹرا ‘‘  کہا جاتا ہے مگر دنیا اسے سسلین مافیا کے نام سے جانتی ہے۔ سسلین مافیا کی بنیاد 19 ویں صدی میں رکھی گئی جبکہ 1865 میں پہلی بار لفظ مافیا کو سرکاری سطح پر استعمال کیا گیا، یہ مافیا منشیات، قتل و غارت گری، سمگلنگ، ڈکیتیاں، قمار بازی، اغوا، جسم فروشی اور منی لانڈرنگ سمیت ہر قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہاہے۔ اپنی بے تحاشہ دولت اور طاقت کی وجہ سے اس مافیا کے سامنے اٹلی، برطانیہ اور امریکہ سمیت یورپ کی متعدد ممالک کی حکومتیں بھی بے بس رہی ہیں۔ سسلین مافیا کے خلاف ایک طویل عرصے تک کارروائی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا ، ان کے خلاف کارروائی کرنے والے افسران اور کیسز کی سماعت کرنے والے ججز تک کو قتل کر دیا جاتا تھا۔ سالہا سال سے خوف کی علامت بنے رہنے والے اس مافیا کے متعلق متعدد کتابیں لکھی گئیں۔ سسلین ڈان برنینڈو  پروونزانو   پر اطالوی مصنف ماریو پوزو کا ناول اور اس پر بنائی گئی مارلن برانڈو کی مشہور زمانہ فلم گاڈ فادر نے اس مافیا کو دنیا بھر میں شہرت دوام بخشی۔ سسلین مافیا کے سربراہ ٹوٹو رینا کو  ’’بیسٹ‘‘ یعنی  درندہ  اور باس آف باسز بھی کہا جاتا ہے ،  سینکڑوں قتل اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث اس ڈان کو 1993 میں گرفتار کیا گیا اور اسے 26 بار عمر قید کی سزا سنائی گئی ، اس نے ججز کو خریدنے  کی کوشش کی، ججز نے جب انکار کیا تو ٹوٹو رینا نے انہیں قتل کرنے کے کا حکم بھی دیا ، وہ 17 نومبر2017 کو جیل میں کینسر کے ہاتھوں  زندگی کی بازی ہار گیا۔ اب بھی دنیا کے بہت سے حصوں میں ہونے والے سنگین جرائم کی کڑیاں کسی نہ کسی صورت ڈیڑھ سو سال سے دہشت کی علامت بنے اس مافیا سے جا ملتی ہیں۔