Thursday, April 25, 2024

سزایافتہ کرکٹرز پر تاحیات پابندی کیلئے عدالت میں پٹیشن دائر

سزایافتہ کرکٹرز پر تاحیات پابندی کیلئے عدالت میں پٹیشن دائر
December 9, 2015
اسلام آباد (92نیوز) سپاٹ فکسنگ میں ملوث پاکستانی کرکٹرز پر پابندی لگانے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق درخواست کرکٹ کمنٹیٹر سید احتشام الحق نے اپنے وکیل عمر حنیف کے ذریعے دائر کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کرکٹر محمد عامر،محمد آصف اور سلمان بٹ پر ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگائی جائے۔ تینوں کرکٹرز نے سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ کرکٹرز کے سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے سے عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے جبکہ پی سی بی کے عہدیداران نے اس سے متعلق انکوائری رپورٹ کو خفیہ رکھا ہوا ہے۔ ان کرکٹرز کے اس عمل نے بےشمار محب وطن پاکستانیوں کے دل دکھائے۔ درخواست میں چیئرمین کرکٹ بورڈ اور سلیکشن کمیٹی کو فریق بنایا گیا ہے۔