Thursday, April 25, 2024

سزایافتہ مجرم عدالت ایسے آتے ہیں جیسے ورلڈکپ جیت کر آئے ہوں ، فردوس عاشق اعوان

سزایافتہ مجرم عدالت ایسے آتے ہیں جیسے ورلڈکپ جیت کر آئے ہوں ، فردوس عاشق اعوان
July 19, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کی پیشی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا سزایافتہ اور ضمانت پر موجود مجرم عدالت ایسے آتے ہیں جیسے ورلڈکپ جیت کر آئے ہوں۔

فردوس عاشق اعوان بولیں پہلی مرتبہ طاقتور لوگ احتساب کے شکنجے میں آئے ہیں۔ طاقتور لوگوں نے قانون اور اداروں کو یرغمال سمجھا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا نیب ایک فعال ادارہ بن کر کام کر رہا ہے۔ پوچھے جانے پر مسلسل  حقائق چھپانے پر گرفتار کرنا پڑتا ہے۔ نیب قانون کا اطلاق سب پر ہوتا ہے۔

 قبل ازیں معاون خصوصی فردوس عاشق نے کہا تھا حکومت پر انگلیاں اٹھانا اور وزیراعظم کو اس عمل میں گھسیٹنا ظاہر کرتا ہے  کہ ن لیگ ان سے عداوت اور بغض رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں عدالتیں اور ادارے آزاد ہیں جن کی ڈاڑھی میں تنکا ہے وہ میڈیا میں وضاحتیں دے رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا قانون کی عمل داری رنگ دکھاتی ہے تو شہباز شریف کا رنگ پیلا پڑھ جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا شاہد خاقان نے ضمانت قبل از گرفتاری بھی نہیں کرائی ۔ شاہد خاقان عباسی چوری کھانے والے مجنوں نہ بنیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے عمران خان کی قیادت میں شفاف پاکستان کی بنیاد رکھی جاچکی ہے۔ پہلی بار کرپشن کے مجرم کٹہرے میں کھڑے ہو رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا سابق حکومتوں کے ادوار میں ریکارڈ کرپشن ہوئی۔ بدعنوان عناصر نے ملک و قوم کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا۔ ماضی کے حکمرانوں کے ذاتی بینک بیلنس دن دگنی رات چوگنی ترقی کرتے رہے۔ ماضی میں پاکستان کرپشن کی دلدل میں دھنسا ہوا تھا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان بدل رہا ہے۔