Thursday, September 19, 2024

سزائے موت کے قیدیوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکانے کا سلسلہ جاری

سزائے موت کے قیدیوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکانے کا سلسلہ جاری
April 7, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) ملک بھر میں  سزائے موت کے قیدیوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکانے کا سلسلہ جاری ہے۔ آج لاہور اور ساہیوال میں ایک ایک مجرم کو تختہ دار پر چڑھایا گیا جبکہ ڈی جی خان میں قتل کے مجرم کی پھانسی ایک ماہ کیلئے مؤخر کر دی گئی۔ ساہیوال سنٹرل جیل میں دوہرے قتل کے مجرم جعفرعرف کالی کو پھانسی کے پھندے پر لٹکا دیا گیا۔ مجرم جعفر نے انیس سو ستانوے میں اوکاڑہ میں فائرنگ کر کے خاتون سمیت دو افراد کو قتل کیا تھا جسے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے موت کی سزا سنائی تھی۔ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قتل کرنے پر مجرم طیب عرف غلام بنی کو پھانسی کے پھندے پر لٹکا دیا گیا۔ مجرم طیب نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سن دو ہزار میں فرقہ واریت کی بنا پر ابرار نامی شخص کو قتل کر دیا تھا جسے انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائی گئی تھی۔ دوسری طرف ڈی جی خان میں پھانسی کے مجرم اصغر علی کی سزائے موت پر عملدرآمد دوسری بار مؤخر ہو گیا۔ مجرم اصغر علی نے معمولی جھگڑے پر اپنے بھتیجے یاسین کو قتل کر دیا تھا۔ قاتل کے اہلخانہ کی جانب سے صلح نامے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ قاتل کے اہل خانہ کے مطابق انہوں نے سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کیلئے سپریم کورٹ میں کل درخواست بھی دائر کی تھی جس کے بعد مجرم اصغر علی کی سزائے موت پر عملدرآمد ایک ماہ کیلئے مؤخر کر دیا گیا ۔