Thursday, March 28, 2024

سرینگر ، شہید برہان وانی کی دوسری برسی آج منائی جائے گی

سرینگر ، شہید برہان وانی کی دوسری برسی آج منائی جائے گی
July 8, 2018
سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی بربریت کا نشانہ بننے والے نوجوان حریت رہنما برہان وانی کی دوسری برسی آج منائی جائے گی۔ مقبوضہ کشمیر میں  بربریت کا بازار گرم کرنے والی قابض فورسزبرہان وانی کی برسی کی مناسبت سے ہونے والے مظاہروں  سے خوف زدہ ہے۔ ادھرمقبوضہ وادی کو شہید برہان وانی کی برسی سے ایک روز پہلے ہی فوجی چھاؤنی میں بدل دیا گیا۔ قابض فورسز کے جگہ جگہ چھاپے، کریک ڈاؤن، متعدد کشمیری رہنماؤں کو حراست میں لے لیا جبکہ حریت قیادت سید علی گیلانی اور میرواعظ عمر فاروق کو گھروں میں نظربند کردیا گیا ہے۔ کشمیری میڈیا سروس کے مطابق سکیورٹی انتہائی سخت ہے جبکہ سرینگر کی جامعہ مسجد کو جمعہ کے دن  ہی سیل کر دیا گیا تھا ۔ برہانی کےآبای گاؤں ترال کو جانے والی سڑکوں پر اضافی چوکیاں بھی قائم کر دی گئی ہیں۔ حریت قیادت کی اپیل پر کشمیر کے عوام نے وادی بھر میں مکمل ہڑتال کر رکھی ہے۔ مارکیٹیں ویران پڑی ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔ نوجوان حریت رہنما برہان وانی کو 8 جولائی 2016 کو ضلع اسلام آباد  میں ایک جعلی مقابلے میں دو ساتھیوں سمیت شہید کیا گیا تھا۔ ادھر مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں کی اپیل پر آج مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔ تمام تعلیمی و کاروباری مراکز بند جبکہ سڑکیں سنسان پڑی ہیں۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے ریلیوں کو روکنے کیلئے وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے۔ موبائل اور انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔  سری نگر اور برہان وانی کے آبائی علاقے ترال میں کرفیو بھی  نافذ ہے۔ بھارتی فوج نے برہان وانی کی برسی سے قبل ہی پکڑ دھکڑ  کا سلسلہ شروع کر دیا تھا۔ سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو گھروں میں نظربند جبکہ یاسین ملک کو سری نگر جیل میں قید کیا گیا ہے۔ ضلع کلگام میں بھارتی فوج کے ہاتھوں تین نوجوانوں کی شہادت کے بعد حالات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں ۔ بھارتی فوج نے احتجاج کرنے والے نہتے کشمیریوں پر طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔ پیلٹس اور آنسو گیس کے شیل لگنے سے درجنوں مظاہرین زخمی ہو گئے۔