Friday, April 19, 2024

سرینگر : بھارتی جارحیت 133 ویں روز میں داخل ، کشمیری رہنماؤں کو نمازجمعہ کی ادائیگی سے روک دیا گیا

سرینگر : بھارتی جارحیت 133 ویں روز میں داخل ، کشمیری رہنماؤں کو نمازجمعہ کی ادائیگی سے روک دیا گیا
November 18, 2016

 سرینگر(92نیوز)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت 133 ویں روز بھی داخل ہوگئی آ ج بھی بھارتی فورسز نے کشمیریوں کو جامع مسجد سری نگر میں نماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی حریت کانفرنس کی اپیل پر سری نگر سمیت وادی کے مختلف علاقوں احتجاجی مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔ دوسری جانب حریت رہنما شبیر شاہ نے پیلٹ گن سے بینائی سے محروم کشمیریوں کو آنکھیں عطیہ کرنے کا اعلان بھی کردیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق انیس ہفتے ہوچکے مسلمان جمعہ پڑھنے سے محروم ہیں کشمیری مسلمان ایم ایل اے انجینئر عبدالرشید کی قیادت  میں جامع مسجد سری نگر جمعہ پڑھنے پہنچے تو انہیں روک دیا گیا   انجینئر عبدالرشید کی بھارتی فورسز سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔ عبدالرشید نے جامعہ مسجد رہا کرو کے نعرے بھی لگوائے، تلخ کلامی کے بعد بھارتی فوج نے  مسلم رہنما کو گاڑی سے نکال کر زدوکوب بھی کیا اور گرفتار کرکے لے گئے۔ بھارتی فورسز  کے جبر کے باعث  میر واعظ عمر فاروق،سید علی گیلانی،یاسین ملک اور دیگر حریت رہنماؤں کو بھی جامع مسجد میں نماز ادا کرنے سے روک دیا  گیا۔ دوسری جانب، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیراحمد شاہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی آنکھیں ان بہادر کشمیریوں کے لئے عطیہ کرتے ہیں جنہوں نے کشمیر کی آزادی کے لئے اپنی آنکھوں کی قربانی دی ، سری نگر میں بھارتی فوج کی شیلنگ سے زخمی ایک اورمعمر کشمیری غلام محمد خان شہید ہوگئے، جن کی نماز جنازہ میں ہزاروں کشمیریوں نے شرکت کی ۔آٹھ جولائی سے اب تک بھارتی مظالم میں شہید ہونے والوں کی تعداد ایک سو چودہ ہوگئی ہے۔