Friday, May 17, 2024

سری لنکن کرکٹ ٹیم تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گئی

سری لنکن کرکٹ ٹیم تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گئی
December 9, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) سری لنکن کرکٹ ٹیم تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گئی ،  پہلا ٹیسٹ میچ 11 دسمبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، سخت سکیورٹی میں نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا۔ کوچ مکی آرتھر اور کپتان کرونا رتنے کی سربراہی میں ٹیم غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ای کے 612 کے ذریعے براستہ دبئی سے اسلام آباد پہنچی  جہاں  پاکستان کرکٹ بورڈ حکام نے استقبال کیا  ،فول پروف سکیورٹی میں مہمانوں کو ہوٹل پہنچا دیا گیا۔ پاکستان کے میدان دس سال بعد ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرنے کو تیار ہیں جس کے لئے  تیاریاں مکمل  کرلی گئی ہی ، سری لنکن  کرکٹ  ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی  تاریخی  سیریز  کھیلنے کیلئے  پاکستان پہنچ چکی ہے ۔ پہلا ٹیسٹ میچ 11دسمبر سے راولپنڈی ،دوسرا ٹیسٹ میچ 19دسمبر سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکا لنکن ٹیم  کی قیادت  دیموتھ کرونا رتنے کریں گے، تجربہ کارفاسٹ باؤلر سرنگا لکمل ڈینگی بخار میں مبتلا  ہونے کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوگئے، انکی جگہ 22سالہ نوجوان فاسٹ باؤلر اسیتھا فرنینڈو پاکستان آئے ہیں ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی اور سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان کرونا رتنے منگل کو پریس کانفرنس سے میڈیا کے سامنے جلوہ گر ہوں گے۔ مہمان ٹیم کیلئے سکیورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے ہیں ، کھلاڑیوں کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دے دیا گیا ، راولپنڈی میں 4500 پولیس اہلکار تعینات کرنے کے علاوہ فضائی نگرانی بھی ہوگی ۔ اسٹیڈیم کے گرد کا علاقہ سیل ہو گا جب کہ  متبادل ٹریفک پلان بھی تشکیل دے دیا گیا ، میٹرو بس سروس کا آپریشن صبح نو بجے شروع ہوگا اور 16 دسمبر تک روزانہ شام چار بجے سے چھ بجے عوامی سواری بند ہوگی۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے ،دورہ آسٹریلیا  میں شامل زیادہ ترکھلاڑیوں کو برقراررکھا گیا ہے تاہم  افتخار احمد کی جگہ  فواد عالم  اسکواڈ کا حصہ ہوں گے جبکہ عثمان شنواری ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے ۔ پی سی بی کی دعوت پر قومی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد اور سری لنکن ٹیم کے سابق کپتان بنڈولا ورن پورامیچ کے مہمان خصوصی ہوں گے۔