Thursday, March 28, 2024

سری لنکن بورڈ ٹیسٹ کیلئے ٹیم پاکستان بھیجنے پر آمادہ

سری لنکن بورڈ ٹیسٹ کیلئے ٹیم پاکستان بھیجنے پر آمادہ
October 30, 2019
لاہور (92 نیوز ) پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کے میدان بھی آباد ہونے کا امکان روشن ہوگیا، سری لنکا کرکٹ بورڈ نے اپنی مضبوط ٹیم پاکستان بھیجنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے لئے پاکستان نہ آنے والے پیشتر کھلاڑیوں کے رواں سال دسمبر میں دورہ پاکستان پراتفاق ہوگیا ہے تاہم 2 کھلاڑی ابھی تک رضامند نہیں ہوسکے، سری لنکن کرکٹ ٹیم کے آفیشلز بھی ٹور کے لئے آمادہ نظر آتے ہیں۔ سری لنکن ٹیم آفیشلز کا کہنا ہے کہ ان کو بورڈ ایگزیکٹو کمیٹی کی منظوری اور راولپنڈی کے سکیورٹی جائزے کا انتظار ہے جس کے بعد ایک ہفتے میں فیصلہ کرلیا جائے گا۔ سری لنکا وہ پہلی ٹیم ہو سکتی ہے جو دسمبر میں پاکستان میں ٹیسٹ مقابلوں کا سلسلہ بحال کردے گی کیونکہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کم و بیش اپنی مضبوط ٹیم پاکستان بھیجنے کی تیاری کرلی ہے اور دو سری لنکن بورڈ آفیشلزنے بھی اس بات کی نشاندہی کر دی ہے اس سلسلے میں پیشرفت درست سمت میں گامزن ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر سری لنکن کرکٹ بورڈ ایشلے ڈی سلوا نے واضح کیا ہے کہ بیشتر سری لنکن سینئر پلیئرز جنہوں نے پاکستان میں ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کیلئے دستبردار ی ظاہر کی تھی انہوں نے بھی بات چیت کے بعد دسمبر میں پاکستان جانے پر اتفاق کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سینئر سری لنکن کھلاڑیوں کی ٹور سلیکٹر اور منیجر اسانتھا ڈی میل کے علاوہ سری لنکاکرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا سے بات چیت کامیاب رہی ہے اور دیموتھ کرونارتنے، کوشال پریرا، کوشال مینڈس، دنیش چندیمل، انجیلو میتھیوز اور نیروشن ڈکویلا سمیت دیگر کھلاڑیوں نے پاکستان ٹور پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔ پی سی بی کے طے کردہ شیڈول کے مطابق سری لنکن ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں 11 دسمبر سے پہلا ٹیسٹ کراچی میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 19 دسمبر سے کھیلے گی۔