Friday, April 26, 2024

سری لنکا کورونا وباء سے جاں بحق مسلمانوں کی میتوں کی تدفین پر رضامند ہو گیا

سری لنکا کورونا وباء سے جاں بحق مسلمانوں کی میتوں کی تدفین پر رضامند ہو گیا
February 26, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) سری لنکا کورونا وباء سے جاں بحق مسلمانوں کی میتوں کی تدفین پر رضا مند ہو گیا۔ سری لنکن حکومت نے پاکستانی استدعا پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

پاکستانی قیادت نے سری لنکن مسلمانوں کیلئے آواز اٹھائی اور سری لنکا سے کورونا کا شکار مسلمانوں کی میتیں نہ جلانے کی استدعا کی جو منظور کر لی گئی۔ سری لنکن حکومت نے پاکستانی استدعا پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ میں سری لنکن حکومت کے سرکاری نوٹیفکیشن کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ کورونا سے جاں بحق افراد کی تدفین کی اجازت دینے پر سری لنکن قیادت کا شکرگزار ہوں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی ٹوئٹ میں سری لنکن قیادت کا شکریہ ادا کیا اور تصدیق کی کہ اب کورونا وباء سے انتقال کرنے والے مسلمانوں کی تدفین کی جا سکے گی۔

وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر سری لنکن حکومت نے اپنی مسلم آبادی کا دیرینہ مطالبہ مان لیا۔ سری لنکا کی اسلامی تنظیمیں کافی عرصہ سے اپنی مذہبی عقائد کے مطابق تدفین کا مطالبہ کررہی تھیں۔ سری لنکا میں کورونا وباء کے دوران جاں بحق ہونے والے  مسلمانوں کی میتوں کو جلایا جارہا تھا۔ وزیر اعظم کو مسلم امہ کے جذبات کی بہترین ترجمانی کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی طاہر اشرفی نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے کہنے پر سری لنکا نے مسلمانوں کی میتیں دفنانے کی اجازت دے دی۔ وزیر اعظم پاکستان نے یہ مسئلہ حل کرا کے عالم اسلام کا عظیم رہنما ہونے کا ثبوت دیا ہے۔