Monday, May 20, 2024

سری لنکا میں ایسٹر پر ہونے والے دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد تین سو انسٹھ ہو گئی

سری لنکا میں ایسٹر پر ہونے والے دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد تین سو انسٹھ ہو گئی
April 24, 2019

 کولمبو (92 نیوز) سری لنکا دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد تین سو انسٹھ ہو گئی۔ صدر میتھری پالا نے سکیورٹی  فورسز میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا اعلان بھی کر دیا۔

 سری لنکا دھماکے کے باعث پورے ملک میں سوگ کی فضا بدستور قائم ہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے۔ اموات ساڑھے تین سو سے بھی تجاوز کر گئیں۔ سیکڑوں اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

 سری لنکن وزیر دفاع کی حملوں میں ہونے والی تحقیقات کے حوالے سے پریس بریفنگ بھی ہوئی جس میں انہوں نے کہا انٹیلی جنس معلومات کے مطابق حملہ آور کرائسٹ چرچ واقعہ سے متاثر تھے۔ وہ سب اعلٰی تعلیم یافتہ اور اچھے خاندانوں سے تعلق رکھتے تھے۔

 سری لنکن پولیس کے ترجمان نے تحقیقات میں پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ کہا حملوں میں آٹھ سے نو خودکش حملہ آوروں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ گرفتار ساٹھ مشتبہ افراد سری لنکن شہری ہیں۔

 ادھر صدر میتھری پالا سری سینا نے پولیس اور سکیورٹی فورسز کا پورا ڈھانچہ بدلنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان اداروں کے سربراہان کو چوبیس گھنٹوں کے دوران تبدیل کردیا جائے گا۔

 نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے سری لنکا دھماکوں اور سانحہ کرائسٹ چرچ کے درمیان تعلق کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی خفیہ ادارے نے دونوں واقعات میں تعلق کی کوئی رپورٹ پیش نہیں کی۔