Sunday, May 12, 2024

سری لنکا سے دوطرفہ تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں ، شاہ محمود قریشی

سری لنکا سے دوطرفہ تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں ، شاہ محمود قریشی
February 24, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا سری لنکا سے دوطرفہ تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی سری لنکن ہم منصب کے ساتھ ملاقات مفید رہی۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سری لنکا کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سری لنکا کے ساتھ ہمارے دو طرفہ تعلقات ہمیشہ سے بہت اچھے  رہے ہیں۔ اقوام متحدہ، ہیومن رائٹس کونسل سمیت بین الاقوامی فورمز پر ہمارے درمیان ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ ہم نے سب سے پہلا ایف ٹی اے معاہدہ جس ملک کے ساتھ کیا وہ سری لنکا تھا۔ اس کے باوجود ہماری دو طرفہ تجارت محدود رہی۔

انھوں نے کہا کہ اس دورہ سری لنکا کے دوران ہماری سری لنکا کے ساتھ معاشی تعاون کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ہم نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ بزنس کونسل کے اجلاس میں بھی ہم دو طرفہ معاشی روابط اور تجارتی تعلقات کے فروغ پر بات چیت کریں گے۔ سیاحت کے فروغ کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے بے پناہ مواقع میسر ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے کیلئے دفاع اور سیکورٹی تعاون ہمارے لیے یکساں اہمیت کے حامل ہیں۔ ہم دہشت گردی کے خلاف، معلومات کے تبادلے، استعداد کار میں اضافے اور تربیت کے حوالے سے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کھیل کے میدان میں ہم سری لنکا کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ ہم سری لنکا کی قدیم یونیورسٹی میں کلچرل سنٹر بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی اپنے سری لنکن ہم منصب کے ساتھ ہونیوالی ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات انتہائی مفید رہے۔