Friday, April 26, 2024

سری لنکا بم دھماکو میں ہلاکتوں کی تعداد 290 ہو گئی

سری لنکا بم دھماکو میں ہلاکتوں کی تعداد 290 ہو گئی
April 22, 2019

کولمبو ( 92 نیوز) سری لنکا میں بم دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 290 ہو گئی  جب کہ 500 سے زائد افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔

مرنے والوں میں 36 غیرملکی بھی شامل ہیں جب کہ پولیس نے 24مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

کولمبو میں ملنے والے بم کو ناکارہ بنادیا گیا، متاثرین سے اظہار یک جہتی کیلئے پیرس میں ایفل ٹاور کی روشنیاں گُل کردی گئیں۔

سری لنکا میں ملکی تاریخ کی بدترین دہشتگردی ہوئی ، ایک ہی روز میں ہونے والے آٹھ دھماکوں نے پورے ملک میں صف ماتم بچھا دی۔

سری لنکن سی آئی ڈی کی جانب سے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے ،  دارالحکومت کولمبو میں ہوائی اڈے کے قریب ایک پائپ بم برآمد ہواجسے ناکارہ بنادیا گیا۔

پولیس نے حملوں میں ملوث ہونے کے شبہے میں دو درجن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جنہیں سی آئی ڈی کی تحویل میں دے دیا گیا ۔

ہلاک  افراد میں تین برطانوی، تین بھارتی، دو ترک  شہری شامل ہیں ۔ پُرتگال، نیدرلینڈز اور جاپان کا بھی ایک ایک شہری دھماکوں کی نذر ہوا ہے۔

اس کے علاوہ دو افراد کے پاس برطانیہ کے علاوہ امریکا کی بھی شہریت تھی۔

سوشل میڈیا پر عارضی پابندی برقرار

ملک میں رات بھر کیلئے نافذ کرفیو صبح ہوتے ہی اٹھا لیا گیا،تاہم سوشل میڈیا پر عارضی پابندی برقرار ہے،سری لنکا میں آج اور کل عام تعطیل بھی ہے۔

عالمی برادری کی مذمت

سری لنکا میں ہونے والے دھماکوں پر عالمی برادری کی جانب سے مذمت کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔  پیرس کے مشہور زمانہ ایفل ٹاور کی روشنیوں کو مرنے والوں کی یاد میں گُل کردیا گیا۔ سری لنکا 26 سالوں تک بدترین خانہ جنگی کا شکار رہا ہے ، ملک میں دو ہزار نو میں قیام امن ممکن ہوا تھا۔