Sunday, September 8, 2024

سرگودھا،تاوان کی رقم لینے کے باوجود طالبعلم قتل

سرگودھا،تاوان کی رقم لینے کے باوجود طالبعلم قتل
September 17, 2018
سرگودھا( 92 نیوز)سرگودھا میں تاوان کی رقم ملنے کے باوجود نویں جماعت کے طالبعلم کو بےدردی سے قتل کر دیا گیا، ملزمان نے نوجوان کو قتل کرنے کے بعد  لاش زمین میں دبا دی، تاوان کی رقم وصول کرنے آئے ملزمان پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعدپکڑے گئے۔ سرگودھا کے علاقے مدنی ٹاؤن میں تاوان وصولی کے باوجود 15 سالہ نوجوان کو ابدی نیند سلا دیا گیا۔  ملزمان نے مقتول عثمان کو 24 جولائی کی شام اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کیا ۔ اغوا کاروں نے والدین سے 30 لاکھ روپے تاوان طلب کیا جس میں سے 20 لاکھ وصول کرنے کے باوجود اغوا کاروں نے لڑکے کو قتل کرکے لاش بھیرہ کے علاقے حضور پور میں دفن کردی۔ ملزمان آج صبح تاوان کی باقی مانندہ رقم وصول کرنے پہنچے تو پولیس سے سامنا ہو گیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی جبکہ دیگر چار کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیاکہ انہوں نے عثمان کوپہچانے جانے پر اغوا کے دوسرے روز ہی قتل کر دیا تھا، والد کا کہنا ہے کہ بیٹے کے قاتلوں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔ پولیس کی خصوصی ٹیم نے ملزمان کی نشاندہی پر حضور پورہ کے کھیت سے لڑکے کی لاش برآمد کرکے پوسٹمارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو منتقل کر دی جبکہ اغواء کاروں سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔