Friday, March 29, 2024

سرگودھا : گیس کی لوڈشیڈنگ سے 400 بیکولائٹس فیکٹریاں بری طرح متاثر

سرگودھا : گیس کی لوڈشیڈنگ سے 400 بیکولائٹس فیکٹریاں بری طرح متاثر
November 26, 2016

سرگودھا (92نیوز) سرگودھا میں بیکولائٹ انڈسٹری گیس کی کمی کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ جہاں گیس کے دیگر ذرائع استعمال کرنے سے لاگت بڑھ رہی ہے وہیں ان سے منسلک ہزاروں افراد کا روزگار بھی متاثر ہو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شاہینوں کا شہر سرگودھا جہاں سب سے زیادہ بیکو لائٹ انڈسٹری قائم ہے۔ ملکی پیداوار کا اسی فیصد سوئچ، ساکٹ اور دیگر الیکٹریکل سامان اسی شہر میں تیار کیا جاتا ہے لیکن گیس لوڈ شیڈنگ نے اس انڈسٹری کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

پہلے یہ کام دن رات چل رہا تھا اب اسے چلانے کیلئے جتن کرنا پڑ رہے ہیں۔ شہر میں بیکو لائٹس کی چار سو کے قریب فیکٹریاں ہیں جبکہ سینکڑوں چھوٹے یونٹ لوگوں نے گھروں پر لگا رکھے ہیں۔ گیس کی کمی سے اس صنعت کا پہیہ ایسے روکا کہ اس صنعت سے وابستہ پینتیس سے چالیس ہزار افراد کو روزگار کی فکر لاحق ہو گئی ہے۔

گیس بحران نے مزدوروں کے مسائل میں اضافہ کر دیا تو ایل پی جی مہنگی ہونے کے باعث صنعت سے وابستہ لوگوں کو بقا کی فکر لاحق ہے۔ گیس کی بندش کے باعث جہاں بیکو لائٹ انڈسٹری کی پیداوار متاثر ہورہی ہے وہیں بے روزگاری سے ہزاروں گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے پڑ رہے ہیں۔