Saturday, May 11, 2024

سرگودھا ، کولڈ اسٹوریج میں پڑا 10 ہزار ٹن کینو خراب ہونے کا خدشہ

سرگودھا ، کولڈ اسٹوریج میں پڑا 10 ہزار ٹن کینو خراب ہونے کا خدشہ
April 12, 2020
سرگودھا (92 نیوز) کورونا وائرس نے سرگودھا میں کینو کے ایکسپورٹرز کے لیے بڑی مصیبت کھڑی کر دی۔ برآمدات کا سلسلہ معطل ہونے سے کولڈ اسٹوریج میں محفوظ دس ہزار ٹن کینو خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تجارت کے دروازے بند کر رکھے ہیں ۔ بین الاقوامی سطح پر منفرد پہچان رکھنے والا سرگودھا کا میٹھا کینو بھی حالات کی خرابی کا شکار ہونے لگا ہے۔ چائنا، ملائشیا ، سنگا پور، افغانستان اور روس سمیت دیگرممالک کیساتھ تجارت بند ہونے سے کینو کی برآمد شدید متاثر  ہوئی ہے جس پر ایکسپورٹر حضرات میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ ریکارڈ کے مطابق اس وقت کولڈ اسٹوریج میں تقریبا 10 ہزار ٹن کینو موجود ہے۔ صدر چیمبر آف کامرس کا کہنا ہے کہ ایکسپورٹر کے پاس روس اور افغانستان سمیت کئی ممالک کے آرڈرز التواء کا شکار ہو رہے ہیں۔ حکومت برآمد کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ ایکسپورٹرز کہتے ہیں کہ کولڈ اسٹوریج میں موجود کینو کو مزید 3 سے 4 ہفتے تک ذخیرہ رکھا گیا تو نہ صرف اس کا ذائقہ تبدیل ہو جائے گا بلکہ گلنے سڑنے کا بھی اندیشہ ہے جس سے ملکی معیشت کو بڑا دھچکا لگے گا۔