Wednesday, May 1, 2024

سرگودھا، ٹریفک حادثے میں 6طالبات اور وین ڈرائیور جاں بحق

سرگودھا، ٹریفک حادثے میں 6طالبات اور وین ڈرائیور جاں بحق
October 16, 2018
سرگودھا( 92 نیوز) سرگودھا  میں ٹریفک حادثے میں 6 طالبات اور وین ڈرائیور کی ہلاکت پر طلبہ مشتعل ہوگئے، طلبہ نے گجرات روڈ پر احتجاج کے دوران بس کو آگ لگا دی ، مشتعل مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی کوشش بھی کی۔ سرگودھا کے نواحی علاقے بھل وال میں بس اور نجی کالج کی وین میں تصادم ہوا ، ہولناک حادثے نے 6 طالبات کی زندگیوں کے چراغ گُل کر دئیے۔ ایمان سعید، عروا ریاض، رِدا، ثمینہ، انمول اور فاطمہ شجاع گھر سے کالج کیلئے نکلی تھیں ، حادثہ اس قدر شدید تھا کہ وین ڈرائیور ذوالفقار بھی موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دو زخمی طالبات کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ طالبات کی ہلاکت پر طلباء نے گجرات روڈ بلاک کرکے شدید احتجاج کیا، مشتعل مظاہرین نے بس کو آگ لگا دی اور موقع پر پہنچنے والی فائر بریگیڈ کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ پولیس کی طرف سے مذاکرات کے باوجود مظاہرین نے احتجاج جاری رکھا، طلباء مطالبات کرتے رہے جبکہ پولیس انہیں تسلیاں دیتی رہی۔ ایس پی عبدالقدوس کا کہنا تھا کہ لاشیں ورثاء کے حوالےکر دی گئی ہیں، بچیوں کے والدین نہ بھی چاہیں  مگر پولیس، بس ڈرائیور کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی ضرور کرے گی۔