Friday, April 19, 2024

سرگودھا میں گیس بندش، صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا

سرگودھا میں گیس بندش، صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا
December 20, 2020

سرگودھا (92 نیوز) سرگودھا میں گیس بندش کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، شہری کھانا پکانے کیلئے دربدرٹھوکریں کھانے پر مجبورہیں، شہریوں نے لکڑیوں کے ٹال کا رخ کیا تو لکڑی اور کوئلے کے ریٹ بھی دُگنے ہوچکے ہیں۔

گھروں میں گیس نہیں، کھانا پکانے کے لیے جائیں تو کہاں جائیں، گیس کی بندش اور شدید سردی کے باعث شہریوں کو لکڑیوں کو بطور ایندھن استعمال کرنا شروع کر دیا۔

شہری لکڑیوں اور کوئلے کے حصول کیلئے ٹال پر پہنچے تو قیمت سن کر ان کے اوسان ہی خطا ہو گئے۔

لکڑی کے ٹال پر کیکر، شیشم، پاپولر سمیت دیگر اقسام کی لکڑیوں کے ریٹ الگ الگ ہیں، چند روز قبل 500 روپے من فروخت ہونے والی لکڑی کی قیمت 700 روپے من تک جا پہنچی، کوئلہ 50 روپے کلو سے بڑھ کر 80  روپے کلو فروخت ہو رہا۔ گاہکوں کی پریشانی الگ، اچھی کمائی ملنے پر دکاندار بہت خوش ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک تو گیس بندش اور مہنگائی نے مارا، مہنگی لکڑی اور کوئلے کے استعمال نے شہریوں کا خون جلا کر رکھ دیا ہے۔