Thursday, April 25, 2024

سرگودھا میں 3ایکڑ پر پھیلا برگد کا درخت

سرگودھا میں 3ایکڑ پر پھیلا برگد کا درخت
October 7, 2018
سرگودھا( 92 نیوز)  ویسے تو برگد کا درخت اپنے پھیلاؤ اور عمر کے لحاظ سے منفرد شناخت رکھتا ہے، لیکن سرگودھا کے نواحی علاقے مڈھ رانجھا میں برگد کا ایک ایسا درخت بھی موجود ہے جو تین ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے، کئی صدیاں پرانا یہ درخت دیکھنے والوں پر سحر طاری کر دیتا ہے۔ سرگودھا کے نواحی علاقے مڈھ رانجھا میں برگد کا ایسا درخت موجود ہے  جس کی تاریخی اہمیت دن بدن بڑھتی جا رہی ہے ، کہا جاتا ہے کہ  انتہائی تن آور یہ درخت کئی صدیوں کے نشیب و فراز کا راز داں ہے۔ تین ایکڑ سے زائد رقبے تک پھیلا یہ درخت لوگوں کیلئے سایہ دار شجر اور قدرت کا عظیم شاہکار ہے ۔ روایات کے مطابق صوفی شاہ ولی دولہ کے حکم پر ان کے مرید بابا روڈے شاہ نے یہ پودہ لگایا تھا ، وقت کے ساتھ ساتھ اس کی جڑیں بھی زمین سے نکل کر تنے کی شکل اختیار کر گئیں، جنگل نما نظر آنے والے اس درخت کے ایک حصے میں کچھ تاریخی قبریں ہیں۔ لوگ اسے دور دراز سے دیکھنے آتے ہیں اور چھاؤں میں بیٹھ کر کچھ وقت گزارتے ہیں ۔ برگد کا یہ درخت آج بھی لوگوں پر سحر طاری کر دیتا ہے  اور دیکھنے والا متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا ، حکومتی عدم توجہی کے باعث قدرت کے اس انمول تحفے کو قومی ورثے کا درجہ نہ مل سکا۔