Thursday, April 25, 2024

سرگودھا: عاشقان رسول نبیؐ کا جشن ولادت منانے کی تیاریوں میں مگن

سرگودھا: عاشقان رسول نبیؐ کا جشن ولادت منانے کی تیاریوں میں مگن
November 28, 2017

سرگودھا (92 نیوز) عاشقان رسول نبی ﷺ مہرباں کی ولادت کا جشن منانے کیلئے مذہبی عقیدت و احترام سے تیاریوں میں مگن ہیں۔ گلیوں اور بازاروں کو سجانے کیلیے اشیاء کی خرید و فروخت جاری ہے۔
ولادت مصطفی ﷺ کا جشن منانے کے لیے عاشقان رسول دن رات تیاریوں میں مصروف ہیں۔ بازاروں میں انتہائی محبت اور عقیدت کے ساتھ آرائشی اشیاء کی خریدو فروخت کی جا رہی ہے۔ گلی کوچوں کو سجانے کے لیے مارکیٹ میں لگے اسٹالز پر جھنڈیاں، سبز جھنڈے جبکہ ذاتی زیبائش کے لیے نعلین پاک کی شبیہہ پر مشتمل بیجز اور محرابیں دستیاب ہیں۔
عید میلاد النبیﷺ کی تیاریوں میں عمارتوں اورگھروں پر چراغاں کرنے کے لیے اب برقی قمقموں کا رجحان اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ مارکیٹ میں جگنو لائٹس، ایل ای ڈی لائٹس اور چائنہ لائٹس کی بڑھتی مانگ پوری کرنے کے لیے دوکانداروں نے بھی پہلے سے اسٹاک جمع کر رکھا ہے۔
جشن آمد رسول ﷺ کی رحمتوں بھری ساعتیں قریب آتے ہی شمع رسالت کے پروانوں کا جوش و ولولہ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔
عاشقان مصطفی کیلئے نبی کریم ﷺ کو یوم ولادت عید کی حیثیت رکھتا ہے۔ جبھی تو اس دن کو منانے کیلئے تیاریاں بھی شایان شان کی جا رہی ہیں۔