Sunday, September 8, 2024

سرگودھا شہر کا اکلوتا سکواش کمپلیکس بھوت بنگلے کا منظر پیش کرنے لگا

سرگودھا شہر کا اکلوتا سکواش کمپلیکس بھوت بنگلے کا منظر پیش کرنے لگا
November 30, 2018
سرگودھا (92 نیوز) دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھیل سکواش کا سرگودھا میں براحال ہے۔ چوبیس سال قبل بنایا گیا شہر کا اکلوتا سکواش کمپلیکس بھوت بنگلے میں تبدیل ہو چکا ہے۔ کھنڈرات کے مناظر پیش کرتا یہ سرگودھا کا اکلوتا سکواش کمپلیکس جسے 1994 میں تعمیر کیا گیا، 15 سال تک پاکستان کو دنیا کے سامنے ناقابل شکست رکھنے والے کھیل سکواش کے کئی کھلاڑیوں نے اسی کمپلیکس سے کیریئر کا آغاز کیا تاہم وقت گزرنے کے ساتھ زوال پذیری کا شکار ہوتے کھیل کے اثرات نے اس کمپلیکس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ کمپلیکس کے دروازے، کھڑکیاں اور چھت غائب ہوچکی ہے۔ آثار بتاتے ہیں کہ یہ نشیئوں کی پسندید اور محفوظ پناہ گاہ ہے۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ اسکوائش ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہر فورم پرکمپلیکس کو آباد کرنے کیلئے آواز اٹھائی مگر کہیں شنوائی نہ ہوئی۔ کھیل کی زوال پزیری کا یہ عالم کہ کئی برس تک برٹش اوپن اور 15 بار عالمی اوپن چیمپئن کا اعزاز حاصل کر کے دنیا پر حکمرانی کرنے والے ملک پاکستان کا اب ٹاپ ٹین میں ایک بھی کھلاڑی شامل نہیں۔