Friday, April 26, 2024

سرگودھا شہر میں پینے کا پانی نایاب ہو گیا

سرگودھا شہر میں پینے کا پانی نایاب ہو گیا
July 20, 2019
سرگودھا ( 92 نیوز) سرگودھا شہر میں پینے کا پانی نایاب ہو گیا،شہر کو پانی فراہم کرنے والے 30 ٹیوب خراب ہونے سے 80 سے زائد کالونیوں کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ،شہری پانی خرید کر پینے پرمجبور ہوگئے۔ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کا مسئلہ حل ہونے کے بجائے سنگین ہونے لگا،  واٹرسپلائی کیلئے لگائے گئے  51 میں سے 30 ٹیوب ویل یا تو بند ہو چکے یا پھر خراب پڑے ہیں، یہاں تک کہ موٹریں اور دیگر سامان بھی غائب ہونے لگا۔ ٹیوب ویل کی بندش سے شہر کی 80 فیصد کالونیاں پینے کے صف پانی سے محروم ہو گئیں، مکین سوچنے پر مجبور ہیں کہ کیا اب پانی بھی خرید کر پینا پڑے گا۔ آبادی بڑھنے کے ساتھ پینے کے پانی کی مانگ بھی بڑھی لیکن میونسپل کارپوریشن انتظامیہ شائد سوئی ہوئی رہی کیونکہ شہریوں کیلئے فراہمی آب کا کوئی نیا منصوبہ نہیں بنایا گیا، تاہم میونسپل آفیسر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ سے جلد 21 نئے ٹیوب ویل ملنے کیلئے پُرامید ہیں۔ شاہینوں کے شہر میں بیشتر عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہ ہونا انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔