Friday, May 10, 2024

سرکریک کے لئے مزید 2 بٹالین فورس پہنچنے پر مرینز کی قوت میں اضافہ

سرکریک کے لئے مزید 2 بٹالین فورس پہنچنے پر مرینز کی قوت میں اضافہ
April 13, 2018
کریکس ایریا (92 نیوز) پاکستان کی سمندری حدود کی نگرانی پرمعمور پاک مرینز سرکریک کے مشکل ترین محاذ پر دفاع وطن کا عظیم فریضہ سرانجام دے رہے ہیں ۔ پاک مرینز نہ صرف دشمن پر ہیبت طاری کیے ہوئے ہیں بلکہ مقامی آبادی کیلئے جانی، سماجی ومعاشی تحفظ کا احساس بھی ہیں ۔ سرکریک پاکستان کامعدنیات، تمر کے جنگلات ، سمندری حیات ،تیل و گیس کے ذخائر سمیت قدرتی وسائل سے مالامال خطہ ہے۔ دشمن انہیں معاشی وسائل کے درپے ہے تاہم پاک بحریہ کی میرین فورس سرکریک تا گوادر دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت مستعد ہے ۔ موسمی اور جغرافیائی اعتبار سے مشکل ترین محاذ سرکریک جہاں نیول میریز کی ایک بٹالین 7 ہزار 600 مربع کلومیٹر خطہ کی نگرانی اور دفاع پر معمور ہے۔ سرحد پرنگرانی کیلئے آپریشنل چوکیاں ،جدید ریڈارز نصب ، متحرک بوٹس اور ہاور کرافٹس معاون ہیں ۔ سرکریک کیلئے مزید 2 بٹالین فورس اور جدید آلات پاک مرینز کی قوت میں اضافہ کا باعث ہوںگے ۔ رائے عامہ کے مطابق پہلے بھارتی فورسزپاکستانی علاقوں سے ماہی گیروں کو گرفتار کرتیں تھیں تاہم مرینز کی کڑی نگرانی کے باعث آج صورتحال یکسر مختلف ہے۔ پاک مرینز مقامی آبادی کومفت تعلیم و طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ تمر کے جنگلات کو تحفظ دیا ،20 لاکھ پودے لگائے ۔ مقامی کمانڈرز نے کہا کہ مزید 10 لاکھ پودے لگائیں گے ۔ سجاول میں کیڈٹ کالج ، سکولزاورگھارو میں قرآن مرکز اور  کالج تعمیر ہو گا۔ پاک بحریہ کی مرین فورس دشمن کی کڑی نگرانی کیساتھ ساتھ کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔