Tuesday, May 21, 2024

سرکاری ملازمین نے کورونا ویکسین نہ لگوائی تو آئندہ ماہ سے تنخواہ نہیں ملے گی ، سندھ حکومت

سرکاری ملازمین نے کورونا ویکسین نہ لگوائی تو آئندہ ماہ سے تنخواہ نہیں ملے گی ، سندھ حکومت
June 3, 2021

کراچی (92 نیوز) سندھ حکومت نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا سرکاری ملازمین نے کورونا ویکسین نہ لگوائی تو آئندہ ماہ سے تنخواہ نہیں ملے گی۔

وزیراعلی سندھ کی زیرصدارت صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کو کورونا ویکسین سے مشروط کر دیا گیا۔ جو ملازم کورونا ویکسینیشن نہیں کرائے گا جولائی سے تنخواہ وصول نہیں کر پائے گا۔ سندھ میں نجی و سرکاری ملازمین کے لئے کورونا ویکسینیشن پہلے ہی لازمی قرار دی جا چکی ہے تاہم ایک لاکھ سے زائد افراد نے دوسرے ڈوز کے لئے رجوع نہیں کیا۔ ہیلتھ کیئر ورکرز میں سے بھی سینکڑوں کی تعداد میں ملازمین ویکسینیشن کرانے سے گریز کر رہے ہیں۔

سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی نے اجلاس کو بریفنگ میں کہا کہ سندھ میں پندرہ لاکھ پچاس ہزار شہریوں نے ویکسین لگوائی ہے۔ بتایا کہ بیرون ملک سے آنے والے پانچ مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ چار مسافروں میں بھارتی قسم کے وائرس کی تصدیق ہوئی۔ گزشتہ تیس دنوں میں سندھ میں تین سو بانوے اموات ہوئی ہیں۔

مراد علی شاہ نے شہریوں سےاپیل کی کہ شناختی کارڈ لیکر ویکسینیشن سینٹر جائیں اور ویکسین لگوائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے بھر کے تین سو بی ایچ یو کو ویکسینیشن سینٹر قائم کرنے کی ہدایت دیدی۔