Friday, April 19, 2024

سرکاری ملازموں کے واٹس ایپ استعمال کرنے پر پابندی کی تجویز

سرکاری ملازموں کے واٹس ایپ استعمال کرنے پر پابندی کی تجویز
November 20, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) سرکاری ملازموں کے واٹس ایپ استعمال کرنے پر پابندی لگانے کی تجویز سامنے آ گئی ۔ سرکاری ملازموں کیلئے واٹس ایپ طرز کی سروس متعارف کرائی جائے گی۔ علی خان جدون کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ حکام نے بریفنگ دی۔ این آئی ٹی بی حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ مستقبل میں سرکاری اداروں میں فیس بک ، یو ٹیوب ، یو ایس بی کے استعمال پر پابندی کی تجویز ہے ۔ دفاتر میں بیٹھے لوگ یو ٹیوب چلا رہے ہیں ۔ سرکاری ملازمین مستقبل میں وٹس ایپ استعمال نہیں کر سکیں گے۔ وٹس ایپ طرز کا سرور بنایا جائے گا۔ ڈیٹا کو سینٹرلائزڈ کر کے تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کریں گے۔ حکام کا کہنا تھا کہ ای آفس کا تمام نروس سسٹم این ٹی سی میں ہے۔ ای آفس کو نادرا، ایف بی آر، ایس ای سی پی اور دیگر اداروں سے جوڑیں گے۔ سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ حکام نے بتایا پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو اعتماد میں لے لیا گیا ہے۔ کوشش ہے کہ سوشل میڈیا نیوز کی ویریفکیشن ہونی چاہیے۔ سوشل میڈیا کی خبروں کی تصدیق کیلئے اتھارٹی بنانے کی تجویز ہے۔