Thursday, April 25, 2024

سرکاری ملازم کی بیٹیوں نے باکسنگ کے میدان میں والدین کا سر فخر سے بلند کر دیا

سرکاری ملازم کی بیٹیوں نے باکسنگ کے میدان میں والدین کا سر فخر سے بلند کر دیا
December 9, 2018
سرگودھا (92 نیوز) سرگودھا میں غریب سرکاری ملازمین کی بیٹیوں نے باکسنگ کے میدان میں والدین کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ ایک ہی گھر میں اوپر تلے رہنے والی چار بہنوں نے پنجاب اولمپکس ایسوسی ایشن کے زیر انتظام منعقدہ مقابلوں میں وزن کی مختلف کیٹیگریز میں سونے کے تمغے اپنے نام کر لیے۔ ایک ایک کمرے پر مشتمل گھروں میں ساتھ ساتھ رہنے والی باکسنگ کی چیمپیئنز کھلاڑی نے حال ہی میں صوبائی سطح منعقد ہونے والے پر پنجاب اولمپکس ایسوسی ایشن میں گولڈ میڈیل کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ معاشرتی دباؤ کو نظر انداز کر کے باکسنگ جیسے کھیل میں قدم رکھتے ہی کامیابیوں نے رمشہ، سیرت، دعا اور فاطمہ کے قدم چوم لیے۔ کلاس فور کے ملازمین کی بیٹیاں ہونے کے باوجود یہ کھلاڑی اپنے اخراجات سے کھیل کا قیمتی سامان خرید کر مقابلوں میں پہنچتی رہیں۔ رمشہ غفار نے 48 کلو، سیرت عائشہ نے 40 کلو، دعا زہرہ نے  54  اور فاطمہ زہرہ نے 51 کلو کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہےکہ حکومتی عدم سرپرستی کے باوجود سب اپنے زورِ بازو پر کیا۔ کامیابی کے سفر پر گامزن یہ چیمپئنز نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی وطن عزیز کا نام روشن کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔ باہمت لڑکیوں نے ثابت کر دیا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔ بس اسکو نکھارنے اور سامنے لانے کی ضرورت ہے۔