Thursday, April 25, 2024

سرکاری محکموں میں جتنی کرپشن آج پہلے کبھی نہیں تھی، احسن اقبال

سرکاری محکموں میں جتنی کرپشن آج پہلے کبھی نہیں تھی، احسن اقبال
November 30, 2019
لاہور (92 نیوز) رہنما ن لیگ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ جتنی کرپشن آج سرکاری محکموں میں ہورہی ہے اتنی کبھی نہیں تھی، اسلام آباد اور لاہور کے دفاتر میں جاکر دیکھیں،دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے، کرپشن کا سب سے بڑا اسکینڈل بی آر ٹی پشاور ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ کے رہنما احسن اقبال نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بی آر ٹی پشاور کے حوالے سے کیا کسی نے پوچھا، اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیےاداروں کے پیچھے چھپنے کی کوشش نہ کریں، سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے، حکومتی وزراء کے غیرذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے دنیا میں اس کو متنازعہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا یہ حکومت ہر چیز میں سیاست اور پوائنٹ اسکورنگ کرتی ہے، حکومت نے اگر آزاد انتخابات میں رکاوٹ بننے کی کوشش کی تو ہم دباؤ بڑھانے پر مجبور ہوجائیں گے۔ ن لیگی رہنما کہتے ہیں اگر ہم نے مزید 3 سال صبر کرلیا تو ان کا کوئی نام لیوا بھی نہیں بچے گا، ان کے حلیف خود کہتے ہیں کہ اگر حکومت 6 مہینے اور رہ گئی تو ملک میں کوئی وزیراعظم بننے کو بھی تیار نہ ہوگا۔ احسن اقبال نے کہا ابھی ایک سو ایک سینئر افسروں کی تبدیلی کی گئی، یہ پہلی بار نہیں ہوا بلکہ شروع سے ہو رہا ہے۔ یہ قصور وزیراعظم کا ہے جس کو پتہ نہیں حکومت کیسے چلائی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا ہائیر ایجوکیشن میں بھی کئی بار سیکرٹری کو تبدیل کیا جا چکا ہے۔ آرمی چیف پر پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہوئی ہے، عدالت نے حکومت کی غلطیاں درست کرائی ہیں۔ مزید بولے کہ وزیراعظم نے ایک بیان میں اپنی کابینہ کو مبارکباد دی ہے، مجھے نہیں پتہ کہ کس بات پر مبارکباد دی ہے، صحت کا بجٹ کاٹنے پر مبارکباد دی ہے۔ پاکستان میں ترقی کے تناسب دو فیصد رہ گیا ہے اور وزیراعظم مبارکباد دے رہے ہیں۔ معیشت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ایشیاء میں پاکستان کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، پاکستان کا روپیہ اتنا نیچے گرا کہ کہ افراط زر پیدا ہو گیا ہے۔ حکومت نے چوتھی مرتبہ بجلی میں اضافہ کر دیا، ہم مطالبہ کرتے ہیں اسکو کم کیا جائے، بجلی مہنگی کرنے سے بجلی چوری بڑھے گی۔ پاکستان کی کرنسی آپ نے ڈی ویلو کردی برآمدات میں کچھ بھی اضافہ نہیں کر سکے۔