Friday, April 26, 2024

سرکاری عازمین حج کیلئے مکہ میں 120ہوٹل بک !!! چھوٹا گوشت، چکن کھانے میں شامل !!! رہائشگاہیں حرم سے محض 4 کلومیٹر دور

سرکاری عازمین حج کیلئے مکہ میں 120ہوٹل بک !!! چھوٹا گوشت، چکن کھانے میں شامل !!! رہائشگاہیں حرم سے محض 4 کلومیٹر دور
July 13, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزارت مذہبی امور نے سرکاری عازمین حج کیلئے مکہ اور مدینہ منورہ میں رہائش گاہیں لے لی ہیں۔ وزارت نے عازمین حج کو مفت کھانے اور ناشتے کیلئے بھی سات کیٹرنگ کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کر لئے۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری عازمین حج کیلئے وزارت مذہبی امور نے رہائشوں کاانتظام کر لیا۔ وزارت مذہبی امور نے 71ہزار سے زائد سرکاری عازمین حج کیلئے 120 ہوٹل مکہ میں بک کروا لئے۔ مکہ میں ہوٹل فتح قریش اور عزیزیہ میں جبکہ مدینہ منورہ میں مرکزیہ کے علاقے میں ہوٹل لے لئے گئے ہیں۔ مکہ میں عازمین حج کیلئے رہائشیں چا ر سے سات کلومیٹر دور حرم شریف سے لی گئی ہیں۔ سرکاری عازمین حج کو صبح کا ناشتہ اور دو وقت کا کھانا بھی مفت دیا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے وزارت نے سات کیٹرنگ کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کر لئے ہیں۔ عازمین حج کو چھوٹے گوشت، چکن، سبزی اور پاکستانی روٹی دی جائے گی۔ کھانے کے معیار کو چیک کرنے کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں بھی بنائی جائینگی۔ سرکاری عازمین حج کو ائیر پورٹ پہنچنے پر دس ریال مالیت کا پانچ لیٹر آب زم زم کا گیلن بھی مفت دیا جائے گا۔ سرکاری عازمین حج کیلئے وزارت نے نئی بسوں کا بھی بندوبست کر لیا ہے۔