Saturday, May 18, 2024

سرکاری افواج کی باغیوں کیساتھ شدید لڑائی، عدن بندرگاہ پر کنٹرول حاصل کر لیا، شہر میں کرفیو نافذ

سرکاری افواج کی باغیوں کیساتھ شدید لڑائی، عدن بندرگاہ پر کنٹرول حاصل کر لیا، شہر میں کرفیو نافذ
January 5, 2016
یمن (ویب ڈیسک) یمن کی سرکاری افواج نے باغیوں کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد عدن بندرگاہ پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ سرکاری افواج نے باغیوں کو پسپا کرنے کے بعد شہر میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ باغیوں کے ساتھ کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپوں میں بارہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ عدن حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ لڑائی عدن بندرگاہ کے کارگو اور کنٹینر ٹرمینلز کے علاقے میں ہوئی جہاں حوثی باغیوں نے رات قبضہ کر لیا تھا۔ ترجمان نذیر انور نے بتایا سرکاری فوج نے باغیوں کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔ لڑائی میں آٹھ سرکاری فوجی اور چار باغی کام آئے۔ اب کارگو اور کنٹینر ٹرمینل فوج کے کنٹرول میں ہیں۔ ایک  فوجی عہدیدار احمد نصر کا کہنا ہے یمنی افواج دفاع وطن کیلئے جانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔ یمنی فوجی خون کے آخری قطرے تک وطن کا دفاع کرینگے۔ لڑائی کے بعد صدر منصور ہادی نے کارگو ٹرمینل کا دورہ بھی کیا۔ لڑائی کے بعد یمنی حکومت نے عدن شہر میں رات بھر کیلئے کرفیو نافذ کر دیا ہے۔