Saturday, April 20, 2024

سرکاری افسروں کو اثاثے ظاہر کرنے کیلئے 16 دن کی مہلت مل گئی

سرکاری افسروں کو اثاثے ظاہر کرنے کیلئے 16 دن کی مہلت مل گئی
July 31, 2019
لاہور(ویب ڈیسک )صوبائی سروس سے وابستہ سرکاری افسروں کو اپنے اثاثے ظاہر کرنے کے لئے 16یوم کی مہلت مل گئی۔صوبائی حکومت نے گریڈ17 اور اس سے اوپر کے افسروں کو15نکات پر مشتمل 3پرتوں پر مشتمل فارم بھی جاری کر دیا۔ فارم میں بیرون ملک کئے گئے دوروں، ان پر اٹھنے والے اخراجات، بچوں کے تعلیمی اخراجات، کلبز کی ممبر شپ جیسی معلومات بھی فراہم کرنا ضروری ہیں۔15اگست تک اثاثے ظاہر نہ کرنے والے گزٹیڈ ملازمین کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے جاری کئے گئے تین پرتوں کے حامل پرفارمہ نمبر ایک میں افسروں سے ان کا نام، قومی شناختی کارڈ نمبر، این ٹی این نمبر، بنیادی تنخواۃ سکیل، سروس گروپ، محکمہ ، موجودہ پوزیشن، موجودہ پوسٹل ایڈریس، گھر کے ساتھ ساتھ موبائیل نمبر ایکسال کے دوران حاصل کی جانے والی تنخواہ ، مکان کی مد میں اور زراعت کی مد میں ہونے والی آمدن،آمدن کے دیگر ذرائع(تحائف، قرض، انعامی سکیم کی رقم، منافع)سے حاصل ہونے والی مجموعی سالانہ آمدن، سالانہ اخراجات کی تفصیل پوچھی جائیگی۔ افسران سے  بجلی، گیس، ٹیلی فون کے سالانہ بل، مجموعی گھریلو اخراجات، نجی طور پر کئے گئے ذاتی، بیوی بچوں کے ساتھ سفر کی تفصیلات، کن کن ممالک کا سفر کیا، وہاں کتنا عرصہ قیام کیا، کل کتنا خرچ کیا، بچوں کی تعلیم، بچوں کے نام، بچوں کی تعلیمی درسگاہ کا نام، کلب ممبر شپ، کلب کا نام، ممبر شپ نمبر جیس تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ پرفارمہ نمبر دو میں سرکاری افسر کے اپنے ، اہلیہ، بچوں کے نام پر موجود منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ کیش ان ہینڈ، موٹر کار، موٹر سائیکل، زیورات، گھریلو استعمال کی اشیائ،ذاتی کاروبار یا پارٹنر شپ، اس میں کی گئی سرمایہ کاری کے حجم کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ پرفارمہ نمبر 3میں گزشتہ ایک مالی سال کے دوران بیچے گئے منقولہ و غیر منقولہ اثاثوں، کی گئی انویسٹمنٹ،بنک اکائونٹس کی تفصیلات کے علاوہ اپنے ذمہ موجود واجب الادا معاملات  کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔