Friday, May 17, 2024

سرکاری اسپتالوں کے مردہ خانوں میں سہولیات کا فقدان ‏

سرکاری اسپتالوں کے مردہ خانوں میں سہولیات کا فقدان ‏
April 29, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی کے سرکاری اسپتالوں کے مردہ خانوں میں سہولیات کا فقدان  ہے ، پوسٹمارٹم کرانا ایک امتحان بن چکا ہے ۔ کراچی کے سرکاری اسپتالوں کے مردہ خانوں میں عملہ لواحقین سے پوسٹ مارٹم کا سامان منگوانے لگا ، خواتین ایم ایل اوز کی کمی بھی تفتیش میں رکاوٹ کا باعث بن رہی ہے ۔ گوٹھ کے اسپتالوں کی صورتحال جو ہے سو ہے مگر شہر قائد کے جناح اسپتال کامردہ خانہ  بھی پوسٹ مارٹم کی سہولیات سے محروم ہے ، شام اور رات میں خواتین کی لاشیں کئی کئی گھنٹے پوسٹ مارٹم کی منتظر پڑی رہتی ہیں۔ گزشتہ روز غلط انجکشن سے جاں بحق صبا نور کے والدین کو بھی جناح اسپتال مردہ خانے میں شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا، پولیس موجود تھی ،  ایم ایل او دستیاب تھا تاہم پوسٹ مارٹم کا سامان نایاب ہوگیا، جس پر پوسٹ مارٹم آٹھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوا۔ ستم ظریفی کہیں یا انسانیت دشمنی، ایم ایل او سیکشن نااہلی کی انتہاء کو چھوگیا، صباء کے غمزدہ والدین سے ہی پوسٹ مارٹم کا سامان منگوالیا، یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، دکھ بھری کئی داستانیں رقم ہوچکی ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر سرکاری اسپتالوں میں خواتین ایم ایل اوز کی کمی پر بھی قابو نہیں پایا جاسکا، شام اور رات میں خواتین کی لاشیں کئی کئی گھنٹوں پوسٹ مارٹم کی منتظر رہتی ہیں، جو تفتیشی مراحل میں بڑی رکاوٹ ہے۔