Saturday, May 11, 2024

سرکاری اسپتالوں میں کورونا کٹس جگہ کی قلت ، مریض خوار

سرکاری اسپتالوں میں کورونا کٹس جگہ کی قلت ، مریض خوار
June 9, 2020

لاہور ( 92 نیوز) پنجاب بھر کی طرح لاہور میں کورونا کے وائرس کے حملے تیزی سے جاری ہیں،لیکن سرکاری اسپتالوں میں کورونا کٹس کی کمی اور جگہ نہ ہونے سے مریض خوار ہونے لگے ۔ لاہور کے سرکاری اسپتالوں کے ہائی ڈیپنڈینسی یونٹس 53 فیصد جبکہ آئی سی یو میں کورونا کے مختص بیڈ 62 فیصد بھر گئے،دوسری جانب نجی اسپتالوں میں بھی مریضوں کے لئے جگہ نہ رہی۔

ملک بھر کی طرح پنجاب میں بھی کورونا کے وار پر وار جاری ہیں لیکن سرکاری اسپتالوں میں ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت کم ہونے سے شہری ہونے لگے ،مؤذی وباء کا شکار ہونے والے افراد کو سرکاری اسپتالوں میں جگہ کی کمی اور ٹیسٹ کے لئے کورونا کٹس کی قلت کا سامنا ہے ،مریض مجبور ہو کر نجی اسپتالوں کا رخ کرنے لگے لیکن وہاں بھی جگہ نہ ملنے سے مایوس واپس لوٹنے لگے۔

دوسری جانب مریضوں کو وینٹی لیٹر کی کمی کا بھی سامنا ہے جبکہ چند ایک مریضوں کو نجی اسپتالوں میں مہنگے داموں وینٹی لیٹر مل سکا،صوبائی دارالحکومت لاہور کے نجی اسپتالوں میں وینٹی لیٹر کے لئے یومیہ ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے وصول کیے جانے لگے۔

سرکاری اسپتالوں میں ٹیسٹنگ کپیسٹی نہ ہونے سے مریضوں کو دو ہفتے بعد بھی رپورٹس نہ مل سکیں،جناح اور جنرل اسپتال میں کورونا ٹیسٹ سست روی کا شکارہے،انتظامیہ کو کورونا کے سیمپل لینے والی وائل کی کمی کا سامنا ہے،انتظامیہ کے مطابق جناح اسپتال میں گزشتہ روز ایک سو بیس جبکہ آج ستر وائل آئیں۔

محکمہ صحت کے مطابق ان کے پاس ایکسٹریکشن کٹس 86 ہزار 602  جبکہ ایمپلیفیکیشن کٹس کا اسٹاک 98ہزار 298  ہے۔