Friday, May 3, 2024

سرکاری اسپتالوں میں اصلاحات کیخلاف دباؤ برداشت نہیں کرینگے ، وزیراعظم ‏

سرکاری اسپتالوں میں اصلاحات کیخلاف دباؤ برداشت نہیں کرینگے ، وزیراعظم ‏
May 18, 2019
پشاور ( 92 نیوز ) وزیر اعظم عمران خان نے سرکاری اسپتالوں میں اصلاحات کیخلاف دباؤ برداشت کرنے سے انکار کر دیا۔ پشاور میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے  وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سرکاری اسپتالوں میں اصلاحات کے خلاف دباؤ برداشت نہیں کریں گے ، جھوٹ بولا جا رہا ہے کہ اسپتالوں کو پرائیوٹائز کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں برا علاج ہوتا ہے ، ،خیبرپختونخوا میں اسپتالوں میں اصلاحات کے خلاف مہم چلی ہوئی ہے ، جس پر ڈاکٹرز مظاہرہ کررہے ہیں ،اصلاحات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ،وزیراعلیٰ کو ہڑتالی ڈاکٹرز سے بات کرنے کاکہاہے۔ قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ نئے نظام میں قبائلی علاقوں کی روایات اور مزاج کا خیال رکھا جائے گا، قبائلی عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں،قبائلی علاقوں کو ایسی نمائندگی پہلے نہیں ملی۔

نئے بلدیاتی نظام میں پہلے ویلیج کونسل کا الیکشن ہوگا، وزیر اعظم

وزیرِ اعظم عمران خان سے خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ نے بھی ملاقات کی ، چیف سیکرٹری  خیبرپختونخوا نے  وزیر اعظم کو بریفنگ دی کہ  کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ ہی 6 ماہ کیلئے صحت انصاف کارڈ تصور ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک تاریخی خسارے میں تھا جب ہم حکومت میں آئے،  برے حالات میں برادر  ممالک اور چائنہ نے ملکی معیشت کو سنبھالا دیا،  حالیہ صورتحال جلد ہی بہتر ہو جائے گی، ایکسپورٹس میں بہتری اور ترسیلات زر میں اضافہ ہونا  شروع ہو جائے گا،  بیرونی سرمایہ کاری میں بھی نمایاں اضافہ ہو گا۔ وزیر اعظم نے  قبائلی اضلاع میں مصالحتی کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کا کہنا تھاکہ  مصالحتی کمیٹیاں تھانوں کی سطح پر قبائل کے تنازعے جرگہ میں حل  کریں گی  ، نیا بلدیاتی نظام قبائل کے جرگہ کے قریب ترین ہوگا ۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ  قبائل کے ہر ویلج کونسل کو فنڈز براہ راست صوبے سے جائیں گے ،  اب قبائل پارلیمنٹ میں اپنی آواز بھرپور طریقے سے اٹھائیں گے ،ڈرون حملے ہوتے تھے کوئی آواز نہیں اٹھا سکتا تھا ۔