Thursday, April 25, 2024

سرکار کی آمد مرحبا، جشنِ ولادت مصطفیﷺ نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

سرکار کی آمد مرحبا، جشنِ ولادت مصطفیﷺ نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
November 10, 2019
لاہور (92 نیوز) آقا کی آمد مرحبا، سرکار کی آمد مرحبا، جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی مبارک گھڑی آ گئی، ملک بھرمیں ہر جانب درود و سلام اور ذکر مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم سے فضائیں معطرہیں، جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں بھی عید میلاد النبیؐ منانے کی تیاریاں مکمل  کرلی گئی ہیں، گلی محلوں اور عمارتوں پر چراغاں، جلوسوں کیلئے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا گیا، حفاظتی انتظامات کیلئے نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے اسلام آباد میں  پارلیمنٹ ہاوس، سپریم کورٹ سمیت سرکاری و نیم سرکاری بڑی عمارتوں، مارکیٹوں اور گلی محلوں کو برقی قمقموں اور جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے۔ راولپنڈی  شہر میں بھی گلیان کوچے اور بازار روشنی میں نہلا دیے  گئے ہیں۔ آج عید  میلاد النبی ﷺ کے موقع پر جڑواں شہروں میں جلوس نکالے جائیں گے جبکہ مختلف تقاریب اورسیرت کانفرنسوں میں سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی جائے گی۔ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہریوں کا جوش و خروش دیدنی ہے۔ جڑواں شہروں میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اسلام آباد میں 478 افسران و جوان جلوسوں کی سکیورٹی پر تعینات ہونگے، جلوسوں کیلئے متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کردیے ہیں۔