Sunday, April 28, 2024

سروسزاسپتال لاہور کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حافظ مقصود کورونا سے جاں بحق

سروسزاسپتال لاہور کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حافظ مقصود کورونا سے جاں بحق
June 4, 2020
لاہور (92 نیوز) طبی عملہ مسلسل کورونا کے نشانے پر آگیا، سروسز اسپتال لاہور کے شعبہ اینستھیزیا کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حافظ مقصود کورونا کے باعث جاں بحق ہوگئے۔ جناح اسپتال لاہور کے مزید 10 ڈاکٹرز کا ٹیسٹ مثبت آگیا، کورونا سے متاثر ہونے والے ڈاکٹرز کی تعداد 130 ہوگئی، چلڈرن اسپتال کے بھی مزید 12 ڈاکٹرز اور 7 نرسز میں وائرس کی تشخیص ہوگئی۔ ہیلتھ پروفیشنلز کو کورونا نے گھیرے میں لے لیا، جناح اسپتال میں مزید 10 ڈاکٹرز کورونا کا شکار ہوگئے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق جناح اسپتال میں کورونا سے متاثر ہونے والے ڈاکٹرز کی تعداد 130 ہوگئی۔ ادھر چلڈرن اسپتال میں مزید 12 ڈاکٹرز اور 7 نرسز میں کورونا مثبت آگیا، اسپتال انتظامیہ کے مطابق اس طرح اسپتال میں کورونا سے متاثرہ طبی عملہ کی تعداد 47 ہو گئی، چلڈرن اسپتال میں 22 ڈاکٹرز، 17 نرسز اور 8 پیرامیڈیکل استاف کورونا کا شکا ہوچکے ہیں۔ چلڈرن اسپتال میں متاثرہ ہیلتھ پروفیشنلز سرجیکل وارڈز، کڈنی وارڈز اور آئی سی یو میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے، سرجیکل آپریشن تھیٹر کو مکمل سیل کردیا گیا، 20 سے زائد طبی عملہ کی کورونا رپورٹ آنا باقی ہے، متاثرہ طبی عملے کے رابطے میں آنے والے مزید طبی عملہ کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ لاہور کے اسپتالوں میں کورنا میں مبتلا ڈاکٹرز کے لیے بھی وینٹی لیٹرز کم پڑ گئے۔ سروسز اسپتال میں زیر علاج کارڈک سرجن ڈاکٹر سلمان کی حالت تشویشناک ہے۔ وینٹی لیٹر دستیاب نہیں۔