Thursday, April 25, 2024

سروسز سیکٹر پر عائد 8فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس ختم

سروسز سیکٹر پر عائد 8فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس ختم
October 17, 2015
اسلام آباد(92نیوز)حکومت اور سروسز سیکٹر کے درمیان معاہدہ طے پاگیا، سروسز سیکٹر پر عائد آٹھ فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کردیا گیا، کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے ٹیکس ختم کرکے انڈسٹری کو تباہی سے بچالیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق اضافی ٹیکسز کے خلاف سراپا احتجاج سروسز سیکٹر کے نمائندوں نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے اسلام آبادمیں ملاقات کی۔ ان کا مطالبہ تھا کہ نئے بجٹ میں وفاقی حکومت نے سروسز سیکٹر پر آٹھ فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس لگایاہے ، جس سے کاروبار مشکل ہوگیا ہے، حکومت ظالمانہ ٹیکس فوری ختم کرے جسے وزیر خزانہ نے مان لیا۔ وفاقی حکومت سے طے پانیوالے معاہدے کے تحت فریٹ فارورڈز ایسوسی ایشن، ہوٹل ایسوسی ایشن، ایئرکارگو، کمپیوٹر سافٹ ویئر ایسوسی ایشن، ایڈورٹائزنگ اور کنسلٹنٹس ایسوسی ایشن پر ٹرن اوور ٹیکس کی شرح ایک فیصد سے بڑھا کر دو فیصد کردی گئی ہے۔ وفاقی حکومت یکم نومبر کو ٹیکس کے خاتمے کا نوٹیفکیشن جاری کردے گی ،وفاقی حکومت کے اعلان کے بعد سروسز سیکٹر نے اپنا احتجاج ختم کردیا ہے۔