Thursday, March 28, 2024

سروسز ایکٹس ترمیمی بلز قومی اسمبلی میں آج پیش کئے جائینگے

سروسز ایکٹس ترمیمی بلز قومی اسمبلی میں آج پیش کئے جائینگے
January 7, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) سروسز ایکٹس ترمیمی بلز قومی اسمبلی میں آج پیش کیے جائیں گے، ایوان زیریں سے منظوری کے بعد سینیٹ میں پیش ہونگے۔ وزیراعظم کی زیرصدارت پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، ادھر پیپلزپارٹی نے آرمی ایکٹ میں ترامیم کیلئے تین تجاویز قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادیں۔ گزشتہ روز پارلیمنٹ کی مشترکہ دفاعی کمیٹی میںسروسز چیفس کے تقرر اورمدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی، ایئرفورس اورنیول ایکٹ ترمیمی بلز 2020 متفقہ طور پر منظور کیا گیا تھا۔ تینوں بلز کل منظوری کے لئے قومی اسمبلی اورسینٹ میں پیش کیے جائیں گے۔ قومی سلامتی کے معاملے پر حکومت اوراپوزیشن ایک پیج پرآگئی ، تینوں مسلح افواج کے سربراہان کے تقرر اور مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ اسپیکراسد قیصر کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیردفاع پرویزخٹک نے تینوں بلوں کو الگ الگ پیش کیا ، اسپیکرنے بل منظوری کے لیے قائمہ کمیٹی دفاع کو بھجوا دئے تھے۔ قائمہ کمیٹی دفاع کا اجلاس کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد خان کی سربراہی میں ہوا۔ مسلم لیگ ن کے ارکان کچھ دیر کے لیے اجلاس سے اٹھ کر مشاورت کرنے اپوزیشن چیمبرمیں اکٹھے ہوئے۔ مشاورت کے بعد مسلم لیگ ن کے ارکان واپس کمیٹی میں پہنچے اوراپنا نقطہ نظر پیش کیا۔ اجلاس میں موجود دیگراپوزیشن ارکان نے بھی اپنے اپنے تحفظات سامنے رکھے۔