Tuesday, April 23, 2024

سروسز اسپتال میں نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ، نوازشریف کے جسم پر دھبے بن گئے

سروسز اسپتال میں نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ، نوازشریف کے جسم پر دھبے بن گئے
October 25, 2019
 لاہور (92 نیوز) سروسز اسپتال میں نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا۔ نوازشریف کے جسم پر دھبے بن گئے۔ میڈیکل بورڈ کے مطابق اندرونی بلیڈنگ کی وجہ سے جسم پر خون کے دھبے پڑے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت کبھی ٹھیک کبھی خراب ہو جاتی ہے۔ بیماری کی وجہ سے نواز شریف کے جسم پر سرخ دھبے بن گئے۔ میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کا تفصیلی معائنہ مکمل کرلیا۔ بورڈ امیونو گلوبلین انجکشن سے علاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مزید پانچ روز تک نواز شریف کو امیونو گلوبلین انجکشن لگاتار لگائے جائیں گے جس سے اندرونی بلیڈنگ کو کم کرنے، پلیٹ لیٹس بڑھانے میں مدد ملے گی۔ میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر محمود ایاز کاکہنا ہے کہ نوازشریف کو اکیوٹ آئی ٹی پی کی بیماری کیسے ہوئی تا حال پتہ نہیں چل سکا۔ کچھ وجوہات پر بائیو پسی اور پیٹ اسکین ٹیسٹ نہیں کر وا سکتے۔ ماہر امراض ہیماٹالوجسٹ پروفیسر طاہر سلطان شمسی کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی بون میرو مکمل فنکشنل ہے۔ نوازشریف کو کینسر نہیں اکیوٹ آئی ٹی پی ہے۔ ادھر نوازشریف کی والدہ شمیم اختر بیٹے کی عیادت کے لئے اسپتال پہنچیں۔ فاروق ستار پانچ رکنی وفد کے ہمراہ  سروسز اسپتال پہنچے۔ میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ نوازشریف کی مزاج پرسی کرنے آئے مگر ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔ انہوں نے حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں  لیا اور کہا تین مرتبہ کے وزیراعظم کے ساتھ بے حسی کا سلوک قبول نہیں۔ سروسز اسپتال میں مسلم لیگ ن کے کارکن نوازشریف کی صحت کے لیے قرآن خوانی اور دعائیں کرتے اور نعرے بازی کرتے رہے۔