Friday, April 26, 2024

سروسز اسپتال انتظامیہ نے چینی باشندے ڈیمنگ یو کو کلیئر قرار دیکر ڈسچارج کر دیا

سروسز اسپتال انتظامیہ نے چینی باشندے ڈیمنگ یو کو کلیئر قرار دیکر ڈسچارج کر دیا
February 2, 2020
 لاہور (92 نیوز) لاہور ایئرپورٹ کے لاؤنج میں بیٹھے چینی مسافر کے ناک سے اچانک بہنے والے خون نے محکمہ صحت کے اہلکاروں کی دوڑیں لگوا دیں۔ مریض کو ممکنہ طور پر کرونا وائرس کا شکار ہونے کے باعث سروسز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی تشخیص کے بعد کلئیر قرار دے دیا گیا۔ لاہور ائیرپورٹ پر ویٹنگ ایریا میں موجود چائنیز باشندوں نے محکمہ صحت کے عملے کی دوڑیں لگوا دیں ۔ کراچی سے براستہ لاہور جانے والے چینی مسافر ڈیمنگ یاؤ کے ناک اور کان سے خون بہنے لگا ۔ ائیرپورٹ حکام اور وہاں پہلے سے موجود محکمہ صحت کے عملے کی تو جیسے دوڑیں لگ گئیں ۔ عملہ کی جانب فوری طور پر مسافر کو ابتدائی  طبی امداد دی گئی ۔ آئیسولیشن روم میں کرونا وائرس کے مشتبہ مسافر کی مکمل سکریننگ بھی  کی گئی جس کے بعد ایمبولینس کے ذریعے سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سروسز اسپتال میں مکمل چیک اپ کے بعد چینی باشندے کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔ ایم ایس سروسز اسپتال کے مطابق چینی باشندے کو سر چکرانے کے پیش نظر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جبکہ چینی باشندے میں کرونا وائرس کی کوئی علامات نہیں تھی ۔ ایم اسی سروسز اسپتال کے مطابق ڈیمنگ یاؤ کے بلڈ سیمپل احتیاطی طور پر حاصل  کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب ذرائع ایئرپورٹ کا کہنا ہے کہ چین کی پروازیں بند ہونے کے باعث مسافر ایئرپورٹ لاؤنج میں بیٹھا تھا۔