Thursday, April 25, 2024

سروس ڈلیوری پر پولیس میں ریفارمز کر کے دکھائیں گے، امجد جاوید سلیمی

سروس ڈلیوری پر پولیس میں ریفارمز کر کے دکھائیں گے، امجد جاوید سلیمی
October 15, 2018
لاہور (92 نیوز) نئے آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ وہ سروس ڈلیوری پر پولیس میں ریفارمز کر کے دکھائیں گے۔ امجد جاوید سلیمی نے نئے آئی جی پنجاب کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ پولیس کے دستوں نے آئی جی پنجاب کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نئے آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ پولیس کیلئے مزید اختیارات مانگنے کے ایجنڈے پر یقین نہیں رکھتا۔ مسائل کو حل کرنے کیلئے پنجاب پولیس جو پونے دو لاکھ کی فورس ہے ، اس میں کچھ ایشو بھی ہیں،جن کی وجہ سے شہریوں کو کچھ مسائل بھی ہیں، ان باتوں کو میں باخوبی سمجتھا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس میں ریفارمز موجودہ حکومت کرنا چاہتی ہے، پنجاب پولیس میں جو ریفارمز ہونگی، وہ سروس ڈلیوری کیلئے ہونگی، ہمارا ایجنڈا عوام کیلئے ہو گا۔ امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ وقت نوٹ کر لیں ۔ میں آپ کو سروس ڈلیوری پر پولیس کو ریفارمز کر کے دکھاؤں گا۔ ہم ایشوز کو ریفارمز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ایف آئی آر درج نہیں کرتی، مقدمہ درج کرانا جان جوکھوں کا کام ہے۔ ایف آئی آر ضرور درج کروانگا۔ آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ ہم ایک شہری ہیں، میں ایک شہری ہوں، جب پولیس کی وردی پہنتا ہوں کہ مجھ سے کیوں شکایت ہے، اس چیز کو سوچنا ہو گا۔ شہر میں جو بھی ڈکیتی اور چوری ہو گی اس کا مقدمہ درج کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ جب انسان برے سے اچھا ہو جاتا ہے تو عوام کی اس سے شکایت کم ہو جاتی ہیں۔ انشااللہ شکایت کم ہونگی، مسائل حل ہونگے۔ ہم وہ ایشو جو عوام کی بنیادی ہیں ان کو ہم دریا کے کوزے میں بند کر دیں گے۔ خدمت مرکز کو انٹر لنک کریں گے، یہاں بیٹھے ہوئے بھکر کے شہری کی بھی تصدیق ہو جائیگی۔ امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ مسائل زیادہ ہیں، پولیس کی تعداد کم ہے۔ کچھ ہمارے فرائض ہیں، کچھ شہریوں کے ہیں، پرچہ درج کرنا ہمارا ، درج کرانا عوام کا کام ہے۔ مہذب معاشرے میں نو نو دس دس بندوں کا نام نہیں آتا، لوگ جھوٹ نہیں بولتے، بیس بیس بندوں کو قتل کے مقدمے میں نامزد نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس میں مہم چلائیں گے کہ غلط ایف آئی آر درج نہ کرائیں، جھوٹی ایف آئی آر درج کرانے کی دفعہ بھی ہم اسمبلی میں لیکر جائیں گے۔ اگر کسی شخص کو پولیس افسر سے جنیوئن شکایت ہوگی ، میں اس کو حل کروں گا، جتنا بھی پریشر آجائے میں کام کروں گا۔ آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ میں میڈیا کے ساتھ چلنا چاہتا ہوں اور آپ کو ساتھ چلانا چاہتا ہوں۔ میں صوبے کی خدمت ایمانداری سے کرنا چاہتا ہوں۔ ہم نے کسی ایک واقعہ کو ہوا نہیں بنانا۔ میں صوبے کی خدمت ایمانداری سے کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں فیملی کا ہیڈ ہوں، اگر کوئی میرا کانسٹیبل بھی زیادتی کرتا ہے تو میرا فرض ہے کہ میں آپ سے معذرت کروں۔