Sunday, September 8, 2024

سرمئی بادلوں نے لاہور میں فطرت کے رنگ بکھیر دیے

سرمئی بادلوں نے لاہور میں فطرت کے رنگ بکھیر دیے
March 12, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور میں بارش اور یخ بستہ ہواوں سے مارچ کے مہینے میں سردی تو جیسے واپس لوٹ آئی ہے۔ سرمئی بادلوں کے ساتھ ٹھنڈی ہواوں نے موسم کی رت ہی بدل ڈالی ہے۔ مارچ میں موسم بہار کی رعنائیاں اپنے عروج پر ہوتی ہیں مگر قدرت کے تو رنگ ہی نرالے ہیں۔ بادلوں کی چادر اور ٹھنڈی ہواوں نے تو گرمی کے بڑھتے قدم ہی روک دیے۔ لاہور شہر میں وقفے وقفے سے ہونے والی رم جھم نے موسم کو انتہائی خوشگوار بنا رکھا ہے۔ بونداباندی میں لہلاتے اور نکھرے درخت اور خوشنما پھولوں سے موسم تو رومان پرور بنا ہوا ہے۔ گزشتہ برس مارچ کے انہی دنوں میں پارہ چھبیس ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو رہا تھا جبکہ آج کم سے کم درجہ حرات چودہ ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی لاہوریے ایسے سہانے موسم سے لطف اندوز ہوتے رہیں گے۔