Sunday, May 19, 2024

سرفراز کیخلاف نسل پرست جملے کہنے پر کارروائی کا امکان

سرفراز کیخلاف نسل پرست جملے کہنے پر  کارروائی کا امکان
January 24, 2019
لاہور ( 92 نیوز) سرفراز احمد جنوبی افریقن کھلاڑی کے خلاف نسل پرست جملے کہنے پر مشکل میں پھنس گئے۔ آئی سی سی کی جانب سے کارروائی کا امکان ہے ،پاکستانی کپتان  نے غیرمناسب الفاظ استعمال کرنے پر معافی مانگ لی ۔ کہا کہ کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا مقصد نہیں تھاْ ڈربن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کی اننگز میں جب  فیلکوایو نے اپنی نصف سنچری مکمل کی تو پاکستانی کپتان  نے اردو میں ان پر تعصب پر مبنی جملہ کسا  جسے اسٹمپ مائیک میں صاف سنا گیا۔ میچ ریفری کے سامنے پیشی پر غیر مناسب الفاظ استعمال کرنے پر انہوں  نے غلطی کا اعتراف کیا اور اپنےسوشل میڈیا پیغام میں  پاکستانی کپتان   نے  جنوبی افریقی آل راؤنڈ  پر غیر مناسب  جملے کسنے پر معذرت کر لی۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ میرے الفاظ کو نسلی تعصب دینا درست نہیں ۔ ان  کیخلاف  آئی سی سی کی کارروائی کا بھی امکان ہے، میچ ریفری رنجن مدوگالے نے اپنی رپورٹ آئی سی سی کو بھیج دی ہے۔ ان  کو تین سے پانچ میچوں کی پابندی کاسامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دوسری جانب غیر مناسب فقرے استعمال کرنے پر  پاکستانی کپتان کو سوشل میڈیا پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا جارہاہے، شعیب اختر نے انہیں معذرت کرنے  کا مشورہ دیا ہے۔ آئی سی سی کے قانون میں واضح طور پر لکھا ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی اپنے ساتھی کھلاڑیوں یا شائقین کے بارے میں نسل ،ذات، رنگ یا مذہب کی بنیاد پر کوئی بات کرتا ہے تو اس پر ان قوانین کا اطلاق  ہو گا۔