Monday, September 16, 2024

سرفراز مرچنٹ کے الزامات پر تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل

سرفراز مرچنٹ کے الزامات پر تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل
April 12, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سرفراز مرچنٹ کے الزامات پر تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنا دی گئی۔ ٹیم ڈائریکٹر ایف آئی اے مظہرکاکا خیل کی سربراہی میں کراچی سے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر رہی ہے۔ منی لانڈرنگ معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے ٹیم مختلف ممالک کے دورے بھی کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق سرفراز مرچنٹ کی جانب سے ایف آئی اے کو الطاف حسین اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ اور ”را“ سے مدد لینے کے دستاویزی ثبوت ملنے کے بعد ڈائریکٹر ایف آئی اے مظہر کاکا خیل کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکی دے دی گئی ہے۔ جے آئی ٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مختلف مراحل میں تحقیقات کرے گی۔ پہلے مرحلے میں سرفراز مرچنٹ سے موصول ہونے والے دستاویزی ثبوتوں کی تصدیق کی جائے گی اور اس حوالے سے مختلف بنکوں سے ریکارڈ حاصل کرکے اس کا موزانہ کیا جایا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں پاکستان اور بیرون ملک مختلف شخصیات سے انٹرویو کئے جائیں گے اور ان کے بیانات بھی قلمبند ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آخری مرحلے میں جے آئی ٹی الطاف حسین سے براہ راست رسائی کے لئے برطانیہ سے درخواست کرے گی جبکہ اس حوالے سے انہیں نوٹس بھی بھجوائے جائیں گے۔ سرفراز مرچنٹ کے الزامات کی تصدیق اور مزید ثبوتوں کے لئے تفتیش کار متحدہ عرب امارات، کینیڈا‘ جنوبی افریقہ اور برطانیہ بھی جائیں گے جبکہ تحقیقات کا آغاز کراچی سے کیا جائے گا جہاں مختلف شخصیات سے پوچھ گچھ کے ساتھ ساتھ ان کے مالی حسابات اور اثاثوں کی تفصیلات بھی حاصل کی جائیں گی۔ سرفراز مرچنٹ کے الزامات سامنے آنے کے بعد 2مارچ کو وزیر داخلہ نے نوٹس لیتے ہوئے معاملہ ایف آئی اے کے سپرد کیا تھا جبکہ ایف آئی اے اور حکومتی یقین دہانی کے بعد سرفراز مرچنٹ بیانات اور ثبوتوں کے لئے راضی ہوئے تھے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد الطاف حسین یا دیگر کے خلاف مقدمے کا فیصلہ کیا جائے گا۔